حکومت پر سرپرستی کا الزام ، نوجوان نسل پر مضراثرات
حیدرآباد۔4 ۔ اپریل (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر قائد محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے گزشتہ 7 برسوں میں تلنگانہ کو ڈرگس اور شراب کے مرکز میں تبدیل کردیا ہے۔ محمد علی شبیر نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ چیف منسٹر کے سی آر ڈرگس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کارروائی سے متعلق ڈرامہ کر رہے ہیں۔ حالانکہ حکومت نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران ان سرگرمیوں پر روک لگانے کی کوئی کوشش نہیں کی ۔ کانگریس پارٹی نے پبس اور شراب کی دکانات کو باقاعدہ بنانے اور شرائط کے تحت پابند کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت نے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ حکومت کی سرپرستی میں تلنگانہ کی نوجوان نسل ڈرگس اور شراب کی لعنت کا شکار ہورہی ہے۔ محمد علی شبیر نے شہر کے ایک اسٹار ہوٹل میں پولیس کی کارروائی کا حوالہ دیا اورکہا کہ یہ کارروائی محض دکھاوا ہے۔ ڈرگس اسکام میں ٹالی ووڈ کے کئی اسٹار ملوث پائے گئے لیکن حکومت انہیں بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ڈرگس اسکام کی تفصیلات طلب کی تھی لیکن محکمہ اکسائز کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ڈرگس اور شراب کے اسکام میں حکومت سے تعلق رکھنے والے افراد ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی معنوں میں ڈرگس پر قابو پانے کیلئے تلنگانہ حکومت کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی خدمات حاصل کرنی چاہئے ۔ ر