تلنگانہ کابینہ میں توسیع ، کل محمد اظہر الدین کی بحیثیت وزیر حلف برداری متوقع

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے پیش نظر ماسٹر اسٹروک
حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں جمعہ کو توسیع کی توقع کی جار ہی ہے اور اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سابق کرکٹ ٹیم کپتان محمد اظہر الدین کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں ۔ ریاستی حکومت میں مسلم چہرہ نہ ہونے اور کابینہ میں مسلمانوں کو نمائندگی نہ دیئے جانے کے نتیجہ میں ریاستی حکومت کو جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات میں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اسی لئے ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ریاستی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیاگیا ہے اور 31 اکٹوبر کو 11بجے دن محمد اظہر الدین کو ریاستی وزیر کے طو رپر حلف برداری تقریب منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے پیش نظر ریاستی حکومت کی جانب سے مسلمان کو کابینہ میں شامل کئے جانے کے فیصلہ کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے ’’ماسٹر اسٹروک‘‘ کے طور پر دیکھا جانے لگا ہے اور کہا جار ہا ہے کہ ریاستی حکومت کا یہ فیصلہ جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی کے انتخابات میں اثر انداز ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ روزنامہ سیاست نے 28اکٹوبر کے شمارے میں اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ ریاستی کابینہ میں مسلم وزیر کی کابینہ میں شمولیت کے سلسلہ میں اعلان کیا جاسکتا ہے اور اب جو اشارے دیئے جارہے ہیں اس کے مطابق حکومت تلنگانہ کی کابینہ میں 31 اکٹوبر کو توسیع کرتے ہوئے مسلم چہرہ کے طور پر محمد اظہر الدین کو شامل کیا جائے گا۔ محمد اظہر الدین کو ریاستی کابینہ نے گورنر کوٹہ میں رکن قانون ساز کونسل نامزد کرنے کے متعلق سفارش گورنر کو روانہ کرچکی ہے لیکن گورنر تلنگانہ مسٹر جیشنو دیو ورما نے ریاستی کابینہ کی جانب سے روانہ کی گئی سفارش پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیاہے اور یہ سفارش گورنر کے پاس زیر التواء ہے۔ 3