25 جون کو مسلم لیڈر کانفرنس ، جناب عامر علی خاں سے میر عنایت علی باقری کی وفد کے ساتھ ملاقات
حیدرآباد۔18جون(سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق چیرمن سٹ ون میر عنایت علی باقری کی قیادت میں بی آرایس پارٹی او رنیشنل ہاکرس فیڈریشن کے ایک وفد نے جناب عامر علی خان ایم ایل سی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی ریاستی کا بینہ میں مسلم قیادت کی عدم شمولیت پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ وفد نعرے بازی کرتے ہوئے دفتر سیاست میںداخل ہوا ۔ وفد میں بی آر ایس قائد سکندر معشوقی اور ٹی آر ایس وی صدر میر خرم علی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ عنایت علی باقری نے گفتگو کے دوران دیڑھ سال سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجو د کابینہ میںکسی مسلم قائد کو شامل نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا او رکہاکہ مرکز میںبرسراقتدار بی جے پی حکومت کی طرز پر تلنگانہ کانگریس پارٹی ریاستی حکومت میںمسلمان کو شامل نہ کرکے ریاست میں فرقہ وارانہ طاقتوں کے حوصلے مضبوط کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر مسلمانوں کو ریاست میں کوئی بھی وزیر نہیں رہا تو مسلمان اپنے مسائل کی نمائندگی کس سے کریں گے۔باقری نے کہاکہ اگر اس مرتبہ تلنگانہ کے مسلمان حکومتی ناانصافی پر خاموشی اختیار کرلیتے ہیں تو آنے والے دنوں میں ریاست کی ہر سیاسی جماعت کو یہ نا انصافی کا موقع فراہم ہوگا۔تلنگانہ کے مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی اورحق تلفی کے خلاف بی آر ایس پارٹی میںرہنے کے باوجود ہم نے ماضی میںبھی آواز اٹھائی ہے اور مستقبل میںبھی ہم اپنی جدوجہد کو تیز کریں گے۔ باقری نے کہاکہ ناانصافی کے خلاف ہم اپنی جدوجہد میںشدت پیدا کریں گے اور ضرورت پڑنے پر کانگریس پارٹی کو بھی اس ناانصافی کے متعلق واقف کروائیں گے۔باقری نے کہاکہ تلنگانہ کی عوام نے کانگریس پارٹی کواقتدار راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی وجہہ سے دیا ہے ۔ تلنگانہ کی عوام بالخصوص مسلمانوں کی پیٹھ میں تلنگانہ کانگریس او رریونت ریڈی حکومت نے خنجر گھونپا ہے ۔ باقری نے کہاکہ 80لاکھ سے زائد مسلمان تلنگانہ میںہیں اس کے باوجود کم فیصد کی آبادی والے طبقات کو کابینہ میںنمائندگی دی گئی جبکہ مسلمانوں کو یکسر نظر انداز کردیاگیا ہے ۔ میرعنایت علی باقری نے کہاکہ تلنگانہ میں ’’مسلم لیڈر کانفرنس‘‘ منعقد کی جارہی ہے ۔ اس کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کے مسلم قائدین کو مدعو کیاجائیگا اور مسلمانوں کے ساتھ حکومتی سطح پر ہونے والی ناانصافیوں پر بات کی جائیگی ۔ باقری نے جناب عامر علی خان کو بھی اس کانفرنس کے لئے مدعو کیا او رکہاکہ 25جون کو صبح 10بجے تاشام 5بجے منعقد ہوگی اور بہت جلد مقام کا بھی اعلان کردیاجائیگا۔ انہوںنے کہاکہ اس کانفرنس میں تلنگانہ کے مسلمانوں کے سیاسی ‘ سماجی ‘ مذہبی اور معاشی حالات پر تبادلہ خیال کیاجائیگا۔ میرعنایت علی باقری نے کہاکہ اب وقت خاموشی اختیار کرنے کا نہیںبلکہ حکومتوں کو اپنے وجود کا احسا س دلانے کا ہے ۔