حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس 16 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں دوپہر 2 بجے کابینی اجلاس کا آغاز ہوگا۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے امکانی اجلاس، دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری جیسے اُمور کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت نے حضورآباد اسمبلی حلقہ میں پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔ اس کے علاوہ بھونگیر کے واسالامری گاؤں میں اسکیم پر عمل آوری شروع کی گئی۔ چیف منسٹر نے 5 اسمبلی حلقوں کے 4 منڈلوں کو اسکیم کے تحت شامل کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دلت بندھو اسکیم کیلئے فنڈز کی فراہمی اور دیگر طبقات کیلئے مماثل امدادی اسکیمات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ دیگر طبقات میں ناراضگی کا امکان نہ رہے۔ امکان ہے کہ 22 ستمبر سے اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے گا اس سے قبل چیف منسٹر کے سی آر ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی نشست پر کوشک ریڈی کے نام کی منظوری کی درخواست کی جائے گی۔ یہ فائیل راج بھون میں زیر التواء ہے۔R