آندھرا پردیش سے مذاکرات پر وزراء کی رائے حاصل کی جائے گی، سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے جائزہ کا امکان
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس کل 23 جون کو سہ پہر 3 بجے سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے دریائے گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے بنکاچرلا پراجکٹ سے تلنگانہ کے آبی مفادات کو نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے گزشتہ دنوں مرکزی وزیر جل شکتی آر آر پاٹل سے نئی دہلی میں ملاقات کرتے ہوئے بنکاچرلا پراجکٹ کی منظوری نہ دیئے جانے کی درخواست کی تھی۔ مرکزی وزیر نے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا تھا کہ وہ آندھرا پردیش حکومت سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں اور وہ خود چیف منسٹر آندھرا پردیش کو بات چیت کی دعوت دیں گے۔ کابینہ میں اس سلسلہ میں حکمت عملی طے کی جائے گی اور چیف منسٹر آندھرا پردیش سے مذاکرات کے مسئلہ پر غور و خوض ہوگا۔ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ تلگو ریاستوں کے آبی تنازعات کو ہوا دیئے بغیر مذاکرات کے ذریعہ یکسوئی کی کوشش کریں۔ امید کی جارہی ہے کہ گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے پولاورم اور بنکاچرلا پراجکٹس پر دونوں ریاستوں میں بات چیت کے ذریعہ کشیدگی میں کمی آئے گی۔ اسی دوران کابینہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کے انعقاد پر اہم فیصلہ کا امکان ہے۔ حکومت نے مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلہ میں تلنگانہ اسمبلی میں بل منظور کیا گیا جو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے پاس زیر التواء ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں 42 فیصد تحفظات کے بغیر انتخابات کی مخالفت کررہے ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں تحفظات کی فراہمی اور مجالس مقامی کے شیڈول کا جائزہ لیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی وزراء کو مجالس مقامی انتخابات کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دیں گے۔ ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ سرکاری اسکیمات اور خاص طور پر راجیو یوواوکاسم کے سلسلہ میں فیصلہ کا امکان ہے جس سے حکومت نے ناگزیر وجوہات کے سبب روک دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ 50 ہزار تا ایک لاکھ روپے سبسیڈی پر مبنی قرض کی اجرائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کسانوں کی رعیتو نیستم اور اندراماں ہاوزنگ اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ 1