تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس دھان کی خریدی اور ایم ایل سی انتخابات پر مباحث کا امکان

   

حیدرآباد۔/28 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس پیر 29 نومبر کو 2 بجے دن پرگتی بھون میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ ریاست میں کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکز کے ساتھ تنازعہ کے پس منظر میں کابینہ کا یہ اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ تلنگانہ وزراء کی جانب سے دھان کی خریدی کے سلسلہ میں مرکز سے دو مرتبہ نمائندگی بے نتیجہ ثابت ہوئی اور مرکز نے دھان کی خریدی سے انکار کیا ہے۔ مرکز نے یہاں تک کہہ دیا کہ تلنگانہ کے کسانوں کو آئندہ ربیع سیزن میں دھان کی کاشت سے روکنے کے اقدامات کئے جائیں۔ مرکز نے بائیلڈ رائس یعنی موٹے چاول کی خریدی سے انکار کیا ہے۔ تلنگانہ میں کریم نگر، نلگنڈہ، نظام آباد اور عادل آباد ایسے اضلاع ہیں جہاں دھان کی کاشت کے بعد کسان اسے فروخت کرنے حکومت کے مراکز کے قریب کئی دن سے انتظار کررہے ہیں۔ کسانوں میں بڑھتی ناراضگی کے پیش نظر تلنگانہ حکومت کو خریدی کے بارے میں کچھ نہ کچھ فیصلہ کرنا ہوگا۔ امکان ہے کہ چیف منسٹر کابینہ سے مشاورت کے بعد کسانوں کے حق میں فیصلہ کریں گے۔ اسی طرح مجالس مقامی کی ایم ایل سی 6 نشستوں کیلئے 10 ڈسمبر کو رائے دہی مقرر ہے۔ چھ نشستوں پر ٹی آر ایس امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ مزید 6 نشستوں پر ٹی آر ایس کو کانگریس اور آزاد امیدواروں سے مقابلہ درپیش ہے۔ بی جے پی کی جانب سے حکومت پر بڑھتے حملوں اور کانگریس کے دو روزہ کسان احتجاج کے پیش نظر تلنگانہ کابینہ کا اجلاس اہمیت کا حامل رہے گا۔ کسانوں کی نظریں کابینہ کے فیصلوں پر مرکوز رہیں گی۔ ر