تلنگانہ کابینہ کا آج اہم اجلاس

   

مجالس مقامی چناؤ اور تحفظات اہم موضوعات
حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس کل 28 جولائی 2 بجے دن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی صدارت کریں گے۔ کابینہ کا اجلاس 25 جولائی کو مقرر تھا تاہم چیف منسٹر اور وزراء کے دورہ دہلی کے پیش نظر اجلاس کو 28 جولائی ملتوی کردیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ہائی کمان کے دیگر سرکردہ قائدین سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں طبقاتی سروے کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے لئے طبقاتی سروے اور 42 فیصد بی سی تحفظات پر پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کا اہتمام کیا گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کابینی اجلاس میں مجالس مقامی کے انتخابات اور بی سی تحفظات کے تعین کا جائزہ لیا جائے گا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے مجالس مقامی میں بی سی تحفظات کے تعین کے لئے حکومت کو جو مہلت دی تھی وہ ختم ہوگئی اور 30 ستمبر تک حکومت کو مجالس مقامی کے انتخابات کا عمل مکمل کرنا ہے۔ گورنر جشنودیو ورما کی جانب سے تحفظات سے متعلق آرڈیننس کی تاحال عدم منظوری کا کابینی اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ آرڈیننس کی منظوری میں رکاوٹ کی صورت میں کانگریس پارٹی پنچایت راج اور مجالس مقامی انتخابات میں 42 فیصد ٹکٹس پسماندہ طبقات کے لئے مختص کرے گی۔ ریاست میں راشن کارڈس کی تقسیم اور بارش کی صورت میں جاری راحت کے کاموں کا بھی کابینہ میں جائزہ لیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق کالیشورم کمیشن کی رپورٹ بھی کابینہ میں زیر بحث آسکتی ہے۔ 1