بی سی تحفظات ، ایم ایل سی نشستوں پر نامزدگی اور کالیشورم رپورٹ پر غور کا امکان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس کل 30 اگست کو اسمبلی کے کمیٹی حال میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن میں زیر بحث آنے والے موضوعات کے علاوہ بی سی تحفظات پر عمل آوری اور قانونی ماہرین کی رپورٹ پر مباحث کا امکان ہے۔ تحفظات پر عمل آوری کیلئے حکومت نے وزراء کی کمیٹی تشکیل دی تاکہ ماہرین قانون سے رائے حاصل کی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کردی ہے جس میں تحفظات کے سلسلہ میں بعض امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تحفظات بلز کی عدم منظوری کے سبب مجالس مقامی کے انتخابات حکومت کے لئے چیلنج بن چکے ہیں۔ حکومت نے تحفظات کے ساتھ پنچایت انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق 30 ستمبر سے قبل انتخابات کا مرحلہ مکمل کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں تحفظات کے حق میں اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ تحفظات کی موجودہ 50 فیصد کی حد ختم کرنے کے لئے قرارداد منظور کی جائے گی۔ کابینہ میں قانون ساز کونسل کی دو نشستوں کیلئے جناب عامر علی خاں اور پروفیسر کودنڈا رام کے ناموں کی دوبارہ سفارش پر بھی غور ہوگا۔ سپریم کورٹ نے اپنے حالیہ فیصلہ میں حکومت کو اس بات کا اختیار دیا ہے کہ وہ دونوں کے ناموں کی دوبارہ سفارش کرے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گزشتہ دنوں عثمانیہ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اندرون 15 دن دوبارہ نامزدگی کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں بارش کے نقصانات پر مرکزی حکومت کو مرکزی حکومت کو رپورٹ کی پیشکشی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ تلنگانہ میں اراضیات کی مارکٹ ویلیو کا از سر نو تعین کیا جاسکتا ہے۔ حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں نقصانات سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔ کابینہ میں کالیشورم پراجکٹ پر جسٹس پی سی گھوش کمیشن پر مباحث کی حکمت عملی کا تعین ہوگا۔1