مجالس مقامی کے انتخابات اور بی سی تحفظات پر فیصلہ متوقع
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس 23 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے تمام سرکاری محکمہ جات کے اسپیشل چیف سکریٹریز ، پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کو کابینی اجلاس کی اطلاع دی ہے ۔ محکمہ جات سے ایجنڈہ میں شامل امور سے متعلق تفصیلات فوری طور پر طلب کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مجالس مقامی کے انتخابات اور 42 فیصد بی سی تحفظات کے مسئلہ پر اہم فیصلہ کیا جائے گا ۔ ہائی کورٹ کی جانب سے تحفظات سے متعلق جی او 9 پر حکم التواء کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو روک دیا تھا ۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے موجودہ تحفظات کی بنیاد پر مجالس مقامی کے انتخابات منعقد کرنے کی اجازت دی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تحفظات کے مسئلہ پر ماہرین قانون سے رائے طلب کی ہے جس کی بنیاد پر کابینی اجلاس میں اہم فیصلے کئے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے مجالس مقامی کے انتخابات کا عمل جاری رکھنے کی خواہش کی جائے گی اور ٹکٹوں کی تقسیم میں کانگریس پارٹی پسماندہ طبقات کو 42 فیصد نشستیں الاٹ کرتے ہوئے وعدہ کی تکمیل کرے گی۔ کابینہ کے اجلاس میں سرکاری محکمہ جات اور عہدیداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بھی فیصلہ کا امکان ہے ۔1