گلوبل سمٹ کی تیاری، حکومت کے دو سال پر 9 روزہ تقاریب کو قطعیت کا امکان، تحفظات پر آج ہائی کورٹ میں سماعت
حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اہم اجلاس 25 نومبر کو منعقد ہوگا جس میں توقع ہے کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو پنچایت راج اداروں کے نوٹیفکیشن کی اجرائی کے لئے مکتوب روانہ کیا جائے گا۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر موجودہ 50 فیصد تحفظات کے ساتھ پنچایت راج اداروں کے انتخابات کا فیصلہ کیا ہے۔ پنچایت راج اداروں کے چناؤ کے پس پردہ حکمت عملی کے تحت مرکز سے 3000 کروڑ فنڈس حاصل کرنا ہے۔ قواعد کے مطابق اگر مارچ 2026 تک مجالس مقامی کے انتخابات مکمل نہ ہوں تو مرکزی حکومت پنچایت راج اداروں کو دی جانے والی رقم جاری نہیں کرے گی۔ مارچ سے قبل انتخابی مرحلہ مکمل کرتے ہوئے 3000 کروڑ پر دعویداری پیش کی جاسکتی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے لئے موجودہ 50 فیصد تحفظات کو منظوری دی جائے گی جس کے بعد 27 نومبر یا جاریہ ماہ کے اختتام سے قبل اسٹیٹ الیکشن کمیشن الیکشن شیڈول جاری کردے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں 8 اور 9 ڈسمبر کے مجوزہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت کے 2 سال کی تکمیل کے سلسلہ میں یکم تا 9 ڈسمبر ریاست بھر میں مختلف تقاریب کو قطعیت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ یادگیر گٹہ مندر کے لئے ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی تشکیل کو بھی منظوری دی جائے گی۔ تحفظات کے سلسلہ میں تشکیل شدہ خصوصی کمیشن نے حکومت کو بی سی ریزرویشن پر اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ بی وینکٹیشور راؤ کمیشن نے دیہی علاقوں میں 50 فیصد تحفظات کی حد پر عمل آوری کی سفارش کی ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ وزراء کو روانہ کردی گئی اور کابینہ کے اجلاس میں تفصیلی مباحث ہوں گے۔ اسی دوران حکومت نے پنچایت راج اداروں میں تحفظات کو قطعیت دیتے ہوئے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ جی او کے تحت تحفظات کے لئے پنچایتوں میں بی سی طبقات کی آبادی کو بنیاد بنایا جائے گا۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن بی سی تحفظات کے جی او کے مطابق تحفظات کا تعین کرے گا۔ کابینہ نے اپنے سابقہ اجلاس میں پہلے مرحلہ میں پنچایت راج چناؤ کے انتخابات کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ 42 فیصد بی سی تحفظات کا معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں 24 نومبر کو اس سلسلہ میں سماعت مقرر ہے۔ ہائی کورٹ کے قطعی موقف کے اظہار کے بعد ہی اسٹیٹ الیکشن کمیشن پنچایت راج چناؤ کا شیڈول جاری کرے گا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ دنوں مہاراشٹرا حکومت کو مجالس مقامی کے تحفظات میں اضافے سے روک دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کی روشنی میں ہائی کورٹ سے تلنگانہ حکومت کو کسی راحت کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ 1