تلنگانہ کابینہ کا کل اہم اجلاس

   

بی سی تحفظات اور مجالس مقامی کے انتخابات اہم ایجنڈہ
حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس 16 اکٹوبر کو سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا جس میں بی سی تحفظات اور دیگر اُمور زیربحث آئیں گے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے کابینی اجلاس کے انعقاد کا اعلامیہ جاری کیا اور وزراء کے علاوہ محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز کو اجلاس کی اطلاع دی گئی۔ کابینی اجلاس تلنگانہ سکریٹریٹ کی چھٹویں منزل پر واقع کانفرنس ہال میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیرصدارت اجلاس میں بی سی تحفظات سے متعلق جی او پر ہائیکورٹ کے حکم التواء اور مجالس مقامی کے انتخابات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ہائیکورٹ کے حکم التواء کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مجالس مقامی کا انتخابی عمل روک دیا ہے۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے وضاحت کی کہ انتخابات پر کوئی روک نہیں لگائی گئی اور صرف تحفظات سے متعلق جی او 9 پر حکم التواء جاری کیا گیا۔ حکومت نے ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں خصوصی درخواست دائر کی ہے اور توقع ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ تک مجالس مقامی کے انتخابات کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر سپریم کورٹ سے کوئی راحت نہیں ملتی ہے تو ایسی صورت میں کانگریس پارٹی امیدواروں کو ٹکٹ کی تقسیم میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرے گی۔ کابینی اجلاس سے قبل سپریم کورٹ میں سماعت کا امکان ہے لہذا کابینہ تحفظات اور مجالس مقامی کے انتخابات پر فیصلہ کرے گی۔ کابینی اجلاس کے ایجنڈہ کی تفصیلات وزراء کو روانہ کردی گئی ہیں۔ 1