تلنگانہ کابینہ کا 17جولائی سے اہم اجلاس

   

’نئے مجوزہ بلدی قانون بل ‘کی منظوری متوقع، دیگر موضوعات پر بھی مباحث کا امکان

حیدرآباد ۔ 15جولائی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا ایک اہم اجلاس 17جولائی کو 4بجے شام پرگتی بھون میں زیرصدارت چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ منعقد ہوگا ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ کابینہ کے اس اجلاس میں ’’ نئے مجوزہ بلدی قانون بل ‘‘ کو منظوری دی جانے کی توقع ہے ، کیونکہ جاریہ ماہ 18 اور 19 جولائی دو یومی مجوزہ تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی اور تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل کے خصوصی اجلاس کے انعقاد سے متعلق 12جولائی کو باقاعدہ طور پر اعلامیہ ( نوٹیفیکیشن ) جاری کیا جاچکا ہے ۔ اس اعلامیہ کی روشنی میں 18جولائی کو 11بجے دن تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی اجلاس کا ہوگا جبکہ دوسرے دن یعنی 19جولائی کو دوپہر 2بجے سے تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل اجلاس کا آغاز ہوگا ۔ بتایا جاتا ہیکہ ریاست تلنگانہ میں نیا بلدی قانون مرتب کر کے متعارف کرنے کیلئے چیف منسٹر نے قانون ساز اسمبلی و کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلہ کی روشنی میں ہی سکریٹری تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر نرسمہا چاریولو نے تلنگانہ ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ18جولائی کو تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی اجلاس کے پہلے روز نیا بلدی قانون بل کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور بعد مباحث 19جولائی کو اس مجوزہ نئے بلدی قانون بل کی ایوان میں منظوری حاصل کرلی جائے گی اور پھر بعد ازاں اس بل کو تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل میں پیش کر کے منظوری حاصل کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں نئے بلدی قانون پرعمل آوری ہونے کے بعد ہی تلنگانہ کے بلدیات و کارپوریشن انتخابات منعقد کرنے کا تلنگانہ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق مزید بتایا جاتا ہے کہنئے بلدی قانون بل کے مسودہ کو قطعی شکل دینے کیلئے ریاستی محکمہ قانون کو روانہ کردیا گیا تاکہ قطعی شکل دینے کے بعد ہی نئے بلدی قانون بل کو تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا جاسکے ۔ اسی ذرائع نے مزید بتایا کہ تلنگانہ ریاستی کابینہ کے مجوزہ اجلاس میں ریاست کے مختلف مقامات میں بارش و موسمی صورتحال آبپاشی سے متعلق موضوع اور مجوزہ بلدی انتخابات کے علاوہ دیگر اہم موضوعات پر مباحث عمل میں آئیں گے ۔