سرمائی اسمبلی سیشن کے بشمول دیگر اہم اُمور پر تبادلہ خیال کا امکان
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا 23 اکٹوبر کو شام 4 بجے سکریٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا جس کی صدارت چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کریں گے۔ اجلاس میں اہم مسائل پر تبادلہ خیال ہونے کے امکانات ہیں۔ اسمبلی کا سرمائی اجلاس طلب کرنے، حیڈرا کو قانونی اختیارات ملنے کے بعد اس کی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ موسی ندی کی صاف صفائی و خوبصورتی پر مشتمل پراجکٹ ، متاثرین کو دیئے جانے والے راحت کاری کے پیاکیج ، ریتو بھروسہ اسکیم کے خدوخال کی تیاری پر فیصلے کئے جائیں گے۔ کانگریس پارٹی نے انتخابی مہم میں اقتدار حاصل ہونے پر کسانوں کو فی ایکر 15 ہزار روپئے سرمایہ کاری دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ ریتو بھروسہ اسکیم کے رہنمایانہ خطوط کی تیاری کیلئے حکومت نے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کابینی سب کمیٹی نے رہنمایانہ خطوط تیار کرلئے ہیں جس پر بھی کابینہ کے اجلاس میں تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے بہت جلد اس اسکیم پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔2