عبوری اسپیکر کی حیثیت سے ممتاز احمد خان کا انتخاب ، ارکان اسمبلی کے ساتھ نامزد رکن کی حلف برداری پر بھی اتفاق
حیدرآباد ۔ 7جنوری ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کے پہلے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔ گنگا جمنی تہذیب کی برقراری کیلئے مسلم رکن اسمبلی کو عبوری اسپیکر بنانے اینگو انڈین کے کوٹہ میں کرسچن طبقہ کے قائد ایل وی ایس اسٹیفن کو دوسری مرتبہ اسمبلی کا نامزد رکن نامزد کرنے اسمبلی انتخابات کو پُرامن طریقے سے منعقد کرنے پر سنٹرل و اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے قرارداد منظور کی گئی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں آج پرگتی بھون میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تاریخ میں پہلی مرتبہ دوسرے ارکان اسمبلی کے ساتھ ہی حلف لینے کیلئے نامزد رکن کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ عام طور پر نامزد رکن کے تقرر میں تاخیر ہوتی ہے جس کی وجہ سے نامزد رکن دوسرے منتخب ارکان کے ساتھ حلف نہیں لے پاتے ۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے حکومت نے اپنے پہلے کابینہ اجلاس میں ہی نامزد رکن کا تقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت نے اسمبلی اُمور سے متعلق بھی اہم فیصلہ کیا ہے ۔ عبوری اسپیکر کی حیثیت سے مسلم رکن اسمبلی ممتاز احمد خان کا انتخاب کیا ہے ۔ اسمبلی میں نامزد رکن کی حیثیت سے کرسچن طبقہ کی نمائندگی کرنے والے ایل وی ایس اسٹیفن کو دوسری میعاد کیلئے اینگلو انڈین کوٹہ میں نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کیلئے گورنر نرسمہن کو بھی تجویز روانہ کر دی گئی ہے ۔ گورنر کی جانب سے منظوری دینے کے بعد گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا ۔ ایوانوں میں اینگلو انڈین کو اہمیت دینے کیلئے دستور نے جو گنجائش فراہم کی اس کے پیش نظر تلنگانہ اسمبلی میں بھی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ ایل وی ایس اسٹیفن ٹی آر ایس حکومت کی پہلی میعاد میں بحیثیت نامزد رکن خدمات انجام دینے کے دوران انہوں نے ووٹ برائے نوٹ میں اس وقت کے تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی اور چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو کو پھنسانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ 2018ء میں تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات کو پُرامن بنانے اور کامیاب طریقے سے انعقاد کرنے پر سنٹرل الیکشن کمیشن کے ساتھ چیف الکٹورل آفیسر رجت کمار اور تلنگانہ حکومت کی سرکاری مشنری سے اظہار تشکر کیا گیا ۔ تلنگانہ اسمبلی کیلئے منتخب ہونے والے ارکان کو دستور کے دستاویزات تلگو ، انگریزی ، اردو زبان میں دینے اسمبلی کے قاعدے قانون کی بھی کتابیں بک لیٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان کتابوں کو چیف منسٹر نے پرگتی بھون میںاسمبلی سکریٹری وی نرسمہا چاریلو کو دکھایا ہے ۔