تلنگانہ کابینہ کے 18 اجلاسوں میں 321 امور پر فیصلے

   

ہر تین ماہ میں عمل آوری کا جائزہ، آئندہ کابینی اجلاس 25 جولائی کو ہوگا
حیدرآباد ۔ 10۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں گزشتہ 18 ماہ کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے ہر تین ماہ میں کابینی سطح پر فیصلوں پر عمل آوری کی پیشرفت کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کابینی اجلاس کے بعد وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ 7 ڈسمبر 2023 کو کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد ابھی تک کابینہ کے 18 اجلاس منعقد ہوئے اور آج کا اجلاس 19 واں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 18 کابینی اجلاسوں میں 23 اہم سرکاری محکمہ جات کے 327 امور پر غور کیا گیا جن میں سے 321 امور کو کابینہ نے منظوری دی۔ اجلاس میں 321 منظوریوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 321 فیصلوں میں تمام کے لئے سرکاری احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور وہ عمل آوری کے مرحلہ میں ہے۔ 96 فیصد فیصلہ پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ کابینہ کا اجلاس مہینہ میں دو بار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت آئندہ اجلاس 25 جولائی کو منعقد ہوگا۔ کابینہ کے فیصلوں پر مؤثر عمل آوری کیلئے ہر تین ماہ میں جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں ہر محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار کابینی فیصلوں پر عمل آوری کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ اسی دوران گورنر جشنو دیو ورما نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل اجلاس کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرکے احکامات جاری کئے ہیں ۔ 12 مارچ کو اسمبلی و کونسل کے اجلاس کا آغاز ہوا تھا ۔ گورنر نے 10 جولائی سے غیر معینہ مدت کے التواء کے احکامات جاری کئے ۔ ذرائع کے مطابق بی سی تحفظات کے آرڈیننس کی اجرائی کیلئے دونوں ایوانوں کے اجلاس کو پرو روگ کیا گیا ہے۔1