تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا آج گاندھی بھون میں اجلاس

   

عمران پرتاپ گڑھی کی شرکت ، ’ اقلیتی ڈیکلریشن اور مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی : شیخ عبداللہ سہیل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں کانگریس پارٹی اقلیتوں کی مکمل تائید حاصل کرنے کرناٹک کی طرز پر خصوصی حکمت عملی تیار کررہیہے ۔ اس سلسلہ میںکل گاندھی بھون میں کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا ایک خصوصی اجلاس ہوگا جس میں آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدر نشین و رکن راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی مہمان خصوصی ہوںگے ۔ صدر تلنگانہ اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبد اللہ سہیل نے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ کل کے اجلاس میں آئندہ 6 ماہ کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ عمران پرتاپ گڑھی کو 31 مئی بروز چہارشنبہ دوپہر 2 بجے بازار گھاٹ پر ان کے دفتر سے ریالی کی شکل میں گاندھی بھون لا یا جائے گا ۔ لنچ کے بعد اجلاس میں تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے ، اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج سکریٹری ندیم جاوید ‘ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، سینئیر قائد چناریڈی کے علاوہ دوسرے اہم قائدین کے ساتھ تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے ریاستی قائدین ، اضلاع صدور نشین شرکت کریں گے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ اس اجلاس میں ’ اقلیتی ڈیکلریشن ‘ کا اعلان کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ مودی اور کے سی آر کی اقلیت دشمنی اور اقلیتوں کیساتھ نا انصافیوں کو اجاگرکیا جائے گا اور شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں مختلف پروگرامس کرنے پر بھی غور کیا جائے گا ۔ صدرنشین تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ تلنگانہ میں بھی اقلیتوں کی کرناٹک جیسی صورتحال ہے ۔ ہر شعبہ میں مسلمانوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ وعدوں کو فراموش کیا جارہا ہے ۔ سرکاری اسکیمات میں نا انصافی کی جارہی ہے ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات سے کے سی آر حکومت منحرف ہوچکی ہے ۔ ریاست میں مساجد کا انہدام کیا گیا ہے ۔ اقلیتی بجٹ کی اجرائی میں بھی نا انصافی ہورہی ہے ۔ جس سے اقلیتیں بالخصوص مسلمان کے سی آر حکومت سے سخت ناراض ہیں اور کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں بھی کانگریس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ تمام اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے وہ سب کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور انہیں یقین ہے ان کی مہم ضرور کامیاب ہوگی ۔ن