تلنگانہ کانگریس ایم پیز کو دہلی میں ریونت ریڈی کی ناشتہ پر دعوت

   

نائب صدرجمہوریہ چناؤ میں رائے دہی کی رہنمائی، تلگو ریاستوں کی سیاسی پارٹیوں کے فیصلہ پر تنقید
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) نائب صدرجمہوریہ کے انتخابات میں انڈیا الائنس کے امیدوار جسٹس سدرشن ریڈی کے حق میں تلنگانہ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی رائے دہی کی نگرانی کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نئی دہلی پہونچ گئے۔ چیف منسٹر نے آج صبح تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے کانگریسی ارکان کو ناشتہ کی دعوت دی۔ اِس موقع پر رائے دہی کے طریقہ کار سے واقف کرایا گیا۔ چیف منسٹر کی قیامگاہ سے کانگریس ارکان رائے دہی کے لئے پارلیمنٹ روانہ ہوئے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی اور انڈیا الائنس کے اہم قائدین نے اوّل وقت رائے دہی میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر کی قیامگاہ پر ناشتہ میں شریک ارکان میں ابھیشک منو سنگھوی، رینوکا چودھری، انیل کمار یادو، ڈاکٹر ملو روی، کرن کمار ریڈی، سریش شیٹکر، بلرام نائک اور دوسرے شامل ہیں۔ اِس موقع پر کانگریسی ارکان نے تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والی دیگر پارٹیوں کی جانب سے نائب صدرجمہوریہ کے الیکشن سے متعلق فیصلہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ تلگودیشم، وائی ایس آر کانگریس اور جنا سینا نے این ڈی اے امیدوار کی تائید کی ہے جبکہ بی آر ایس نے رائے دہی سے دوری اختیار کرلی۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے اپنی سرکاری قیامگاہ پر تلنگانہ کے نظریہ ساز کالوجی نارائن راؤ کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنھوں نے علیحدہ تلنگانہ تحریک میں کالوجی نارائن راؤ کے رول کو غیرمعمولی قرار دیا۔ کالوجی نارائن راؤ کی جینتی کے موقع پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے سرکاری تقریب منعقد کی گئی۔1