چیف منسٹر نے ایک سالہ کارکردگی سے واقف کرایا، گاندھی بھون میں پی اے سی اجلاس
حیدرآباد۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پولیٹکل افیئرس کمیٹی اجلاس میں جنوری کے اواخر میں دستور بچاؤ ریالی میں ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ کانگریس انچارج دیپاداس منشی کی صدارت میں گاندھی بھون میں یہ اجلاس منعقد ہوا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ، محمد علی شبیر، محمد اظہر الدین کے علاوہ کمیٹی کے جملہ 23 ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے اجلاس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر مدھو گوڑ یشکی، ڈی سریدھر بابو، وی ہنمنت راؤ بھی موجود تھے۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ چیف منسٹر نے اجلاس میں تلنگانہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی بالخصوص 6 گیارنٹی پر عمل آوری، کسانوں کے قرض معافی کے علاوہ دیگر ترقیاتی و فلاحی اسکیمات پر روشنی ڈالی۔ وینو گوپال نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی وزرا کی کارکردگی بھی ستائش کرتے ہوئے انہیں عوام سے مزید قریب ہو کر کام کرنے کا مشورہ دیا جس طرح وزراء گاندھی بھون میں عوام سے ہفتہ واری ملاقات کررہے ہیں اسی طرح مہینے میں ایک مرتبہ اضلاع ہیڈکوارٹر پر عوام سے ملاقات کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ نئی پولیٹکل افیئرس کمیٹی تشکیل دینے تک اسی کمیٹی کو ماہانہ ایک مرتبہ اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ حالات کا جائزہ لینے اور مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ کانگریس پارٹی نے ملک بھر میں ایک سال تک دستور بچاؤ ’’سیو سمویدھان‘‘ ریالیاں منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میں بھی ایک ریالی 25، 27 یا 28 جنوری کو منعقد کرنے اور اعلیٰ قائدین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کے سی وینو گوپال نے کانگریس ہائی کمان سے مشاورت کے بعد ان تینوں تاریخوں میں کسی ایک دن ریالی منظم کرنے کی اطلاع دینے کا تیقن دیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ حکومت اور پارٹی کے درمیان تال میل اور رابطہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئندہ ایم ایل سی اور مقامی اداروں کے انتخابات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ان انتخابات میں کامیابی کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کرنے اور پارٹی کے تمام قائدین کو اعتماد میں لے کر کام کرنے کا مشورہ دیا۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان تمام وعدوں کو پورا کرنے اور ایک سال تک جو ترقیاتی و فلاحی کام انجام دیئے گئے ہیں اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کی ہدایت دی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے بھی حکومت اور پارٹی کی کارکردگی سے وینو گوپال کو واقف کرایا۔ اجلاس میں پہلے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اسمبلی میں تعزیتی قرارداد منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو بھارت رتن ایوارڈ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ پرانے شہر کے فلائی اوور کو ڈاکٹر منموہن سنگھ سے موسوم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ 2