تلنگانہ کانگریس میں نظم و ضبط پر بی ایم سندیپ کی خصوصی توجہ

   

کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور انیرودھ ریڈی سے پرجا بھون میں ملاقات

حیدرآباد 23 نومبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کانگریس کے نئے انچارج بی ایم سندیپ کمار نے پارٹی تنظیم کو مزید مستحکم کرنے اور قائدین کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کر دی ہے۔ اے آئی سی سی سکریٹری سچن ساونت کے مشورہ پر کانگریس ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی و انیرودھ ریڈی نے کل رات پرجا بھون گیسٹ ہاؤس میں بی ایم سندیپ سے تفصیلی ملاقات کی۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں دونوں ارکان اسمبلی کے بعض عوامی بیانات زیر بحث رہے ہیں جس کے پیش نظر ریاستی انچارج نے ان سے راست تبادلہ خیال کرکے ان کے خیالات اور تجاویزکو نہایت غور و توجہ کے ساتھ سنا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں بی ایم سندیپ نے دونوں ارکان اسمبلی کو ہائی کمان کے نقطہ نظر سے واقف کرایا اور انہیں یقین دلایا کہ کانگریس میں ان کی خدمات اور سینئر حیثیت کا پورا احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے راجگوپال ریڈی اور انیرودھ ریڈی کو تیقن دیا کہ آئندہ دنوں میں پارٹی کے اندر ان کا مستقبل روشن ہے اور انہیں اہم و مناسب ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ ریاستی انچارج نے کہا کہ پارٹی و حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی کیلئے متحدہ طور پر کام کر رہے ہیں، اس لیے تمام قائدین کو مل جل کر تنظیم کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔بی ایم سندیپ نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی قائد یا رکن اسمبلی کو حلقہ کے ترقیاتی کاموں یا تنظیمی معاملات میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلا جھجک راست ان سے یا پارٹی فورم پر رجوع کریں اور انہیں ہائی کمان تک ان کی بات پہنچانے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ انہوں نے نہایت خوش اسلوبی سے مشورہ دیا کہ عوامی سطح پر غیر ضروری تبصروں سے گریز کیا جائے تاکہ اپوزیشن کو کوئی موقع نہ مل سکے اور پارٹی کی شبیہ متاثر نہ ہو۔ 2