راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے زوم میٹنگ، جون کے اواخر میں بڑی سیاسی تبدیلیاں متوقع
حیدرآباد 17 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس نے ریاست میں اپنی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کردی ہے۔ بی آر ایس و بی جے پی کے کئی قائدین جہاں کانگریس پارٹی سے رابطے میں ہیں، وہیں دوسری جماعتیں کانگریس سے اتحاد کیلئے خفیہ مشاورت کا آغاز کرچکی ہیں۔ کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار تلنگانہ میں کانگریس کیلئے ٹربل شوٹر کا کام کررہے ہیں۔ کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کیلئے جو حکمت عملی اپنائی گئی تھی وہی تلنگانہ میں دہرانے ماحول تیار کیا جارہا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا وہ ایک طرف کانگریس قائدین میں اتحاد پیدا کررہے ہیں تو دوسری طرف مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم قائدین سے تبادلہ خیال کررہے ہیں اور انہیں کانگریس میں شامل ہونے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بی آر ایس کے برطرف قائدین سابق رکن پارلیمنٹ پی سدھاکر ریڈی، سابق وزیر جے کرشنا راؤ، بی آر ایس ایم ایل سی دامودھر ریڈی نے آج دورہ امریکہ پر گئے کانگریس کے قائد راہول گاندھی سے زوم میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ اس زوم میٹنگ میں دہلی سے پرینکا گاندھی اور حیدرآباد سے تلنگانہ پردیش کانگریس صدر اے ریونت ریڈی نے بھی حصہ لیا ہے۔ میٹنگ میں مختلف پارٹیوں کے قائدین کی کانگریس میں شمولیت پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ راہول گاندھی بیرونی ممالک سے 21 جون کو دہلی پہنچیں گے۔ اس کے دوسرے دن یہ قائدین دہلی پہنچ کر راہول گاندھی سے ملاقات پر بھی غور کیا گیا ۔ اسی دن یا جون کے اواخر میں کھمم اور محبوب نگر میں علیحدہ جلسہ عام منعقد کرنے اور ان جلسوں میں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو بھی مدعو کرکے ان کی موجودگی میں قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ آج ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل دامودھر ریڈی نے حیدرآباد میں تلنگانہ کانگریس کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں ناگم جناردھن ریڈی بھی موجود تھے۔ کانگریس ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ بی آر ایس کے سینئر قائد سابق وزیر پی مہندر ریڈی، سابق ارکان اسمبلی تیگلا کرشنا ریڈی، پی وینکٹیشورلو، کے کنکیا کے علاوہ دوسرے ٹکٹ کے دعویدار قادئین جنہیں ٹکٹ ملنے کی امیدیں نہیں ہے وہ بھی کانگریس سے رابطے میں ہیں ۔ بی جے پی میں شامل کانگریس قائدین گھر واپسی کیلئے مشاورت کررہے ہیں۔ اس طرح کانگریس میں کئی قائدین کو شامل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ بی آر ایس کو شکست دینے ٹی جے ایس سربراہ پروفیسر کودنڈارام کانگریس سے اتحاد پر غور کررہے ہیں اور وہ کانگریس قائدین سے ملاقات بھی کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کانگریس قائدین انہیں پارٹی کانگریس میں ضم کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ دوسری جانب کمیونسٹ جماعتیں بھی چیف منسٹر کے سی آر کے موقف سے ناراض ہیں اور وہ کانگریس سے اتحاد پر بھی غور کررہی ہیں۔ن