تلنگانہ کا بجٹ صرف اعداد کی اُلٹ پھیر

   

عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش، صرف 25 فیصد بجٹ میں اضافہ، ملو بٹی وکرامارکا
حیدرآباد 8 مارچ (سیاست نیوز) قائد کانگریس مقننہ پارٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارکا نے آج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو ’’اعداد کی اُلٹ پھیر‘‘ (انکیلا گارڈی) سے تعبیر کیا اور بتایا کہ سال 2014 ء سے 2020-2021 کے بجٹ حسابات دیکھنے پر ریاستی شرح ترقی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ وکرامارکا نے بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سال کے بجٹ کے مقابلہ میں 25 فیصد کا اضافہ کرکے تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے بلکہ حقیقت پر بھی مبنی نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو پھر ایک بار گمراہ کرنے اور تاریکی میں رکھنے کے لئے ٹی آر ایس نے بھرپور کوشش کی۔ قائد کانگریس مقننہ پارٹی نے پرزور الفاظ میں پیش کردہ ریاستی بجٹ کو عملی طور پر ہرگز ممکن نہ ہونے والے بجٹ سے تعبیر کیا اور کہاکہ فلاح و بہبودی اسکیمات پر عمل آوری کا اظہار کرنے اعداد کو بڑھاکر ریاستی بجٹ میں رقومات کو دکھایا گیا ہے۔ بٹی وکرامارکا نے تلنگانہ ریاستی حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پیش کردہ ریاستی بجٹ میں ملازمتوں کی فراہمی، درج فہرست طبقات کو تین ایکڑ اراضیات کی فراہمی جیسے اہم اُمور کہیں بھی دکھائی نہیں دیئے اور نہ ہی اس تعلق سے بجٹ میں کوئی تذکرہ کیا گیا۔ اُنھوں نے سخت الفاظ میں کہاکہ آج تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں پیش کردہ ریاستی بجٹ کے ذریعہ تلنگانہ عوام کو مایوس کردیا گیا۔ قائد کانگریس مقننہ پارٹی نے کہاکہ اسمبلی میں بجٹ پر ہونے والے مباحث کے موقع پر مکمل اعداد و شمار کے ساتھ ریاستی عوام کو حکومت کی جانب سے اعداد کی اُلٹ پھیر کرتے ہوئے پیشکردہ بجٹ کے حقائق سے واقف کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کی حقیقت کو بے نقاب کیا جائے گا۔