معاشی عدم توازن کے باوجود ترجیحات، وزیر اندرا کرن ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد 8 مارچ (سیاست نیوز) وزیر جنگلات ماحولیات و انڈومنٹ تلنگانہ مسٹر اے اندرا کرن ریڈی نے کہاکہ ریاستی عوام کی توقعات کے مطابق حقائق پر مبنی، تعمیری و عملی سوچ کے ساتھ ریاستی بجٹ مرتب کیا گیا۔ جبکہ معاشی عدم توازن پائے جانے کے باوجود فلاح و بہبود، زرعی، تعلیم، صحت و طبابت، برقی جیسے بنیادی شعبہ جات کو ریاستی بجٹ میں اولین ترجیح دی گئی۔ بلکہ زیادہ سے زیادہ رقومات مختص کرکے ان شعبہ جات کو اہمیت دی گئی۔ مسٹر اندرا کرن ریڈی نے ریاستی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ غریب عوام، کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے زرعی شعبہ کو ادارہ جات مقامی کے ذریعہ دیہی و شہری ترقی کیلئے بھاری رقومات ریاستی بجٹ میں مختص کی گئیں۔ اُنھوں نے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت حکمرانی عوامی خواہشات و توقعات کے مطابق ہے بلکہ کوئی حکومت کی جانب سے نہ کی جانے والی ترقی ٹی آر ایس کی زیرقیادت ریاستی حکومت ترقی، فلاح و بہبود کے پروگراموں و اسکیمات کو مرتب کرکے روبہ عمل لانے کے اقدامات کررہی ہے۔ وزیر نے کہاکہ ریاست میں زیادہ تر عوام دیہی علاقوں میں زراعت سے مربوط شعبہ جات پر انحصار کرکے اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ اندرا کرن ریڈی نے ان کے وزارتی قلمدانوں سے متعلق محکمہ جات جنگلات و ماحولیات اور انڈومنٹ کیلئے بجٹ میں زیادہ سے زیادہ رقومات مختص کئے جانے پر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کرکے اظہار تشکر کیا اور بتایا کہ محکمہ جنگلات و ماحولیات کیلئے ریاستی بجٹ میں 791 کروڑ روپئے اور انڈومنٹ کے ذریعہ مندروں کی ترقی کے لئے 500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ جبکہ ریاستی حکومت منادر کے پجاریوں اور منادر کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ریاستی تلنگانہ حکومت ہرممکن کوشش کرے گی۔ وزیر موصوف نے ریاستی وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ کو بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔