ریاست کی پولیس سب سے آگے، شہیداں پولیس کو خراج، ڈی جی پی انجنی کمارکا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) پولیس سرویس میں ریاست تلنگانہ سب سے آگے ہے اور بھروسہ سنٹر ملک بھر کیلئے رول ماڈل بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر انجنی کمار ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ کیا۔ انہوں نے آج یہاں پولیس یوم شہیداں کے موقع پر گوشہ محل اسٹیڈیم میں منعقدہ پریڈ میں حصہ لیا۔ اس خصوص میں پولیس کی جانب سے گوشہ محل اسٹیڈیم میں فلیگ ڈے منعقد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد سندیپ شنڈالیہ اور دیگر موجود تھے۔ ڈی جی بی اور دیگر پولیس عہدیداروں نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال کے عرصہ میں 189 پولیس ملازمین شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مکانات میں تہوار کی خوشیاں مناتے ہیں تو پولیس ان کی حفاظت کرتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں خواتین اور اطفال کی حفاظت کیلئے مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں اور تلنگانہ میں سب سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمرے پائے جاتے ہیں۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ پولیس کے اقدامات کے سبب جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹے چوکسی اور رات دن بہترین خدمات کے سبب حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ پولیس افسران موجود تھے۔ع