تلنگانہ کا تعلیمی شعبہ ہوا میں چراغ جلانے کے مترادف : کے ٹی آر

   

چیف منسٹر محکمہ تعلیم کا فوری اجلاس طلب کریں اور مسائل کی یکسوئی پر توجہ دیں
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں تعلیمی شعبہ ہوا میں چراغ جلانے کے مانند ہوگیا ہے ۔ اسکولس میں ٹیچرس نہیں ہے ۔ کالجس میں لکچرارس نہیں ہے ۔ اسکولس میں چاک پیس اور ڈسٹرس خریدنے کے لیے فنڈز جاری نہیں کئے گئے ۔ کالجس عمارتوں کا کرایہ ادا نہ کرنے پر طلبہ سڑکوں پر پہونچ گئے ہیں ۔ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ۔ ریاست تلنگانہ کے تعلیمی شعبہ میں پیدا شدہ صورتحال پر مختلف اخبارات میں شائع خبروں کو شیئر کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تعلیمی سال کے آغاز ہونے کے کئی ماہ گذر چکے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے گرانٹس جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ محکمہ تعلیم کے لیے وزیر نہیں ہے ۔ وزارت تعلیم کا قلمدان اپنے پاس رکھنے کے باوجود چیف منسٹر اے ریونت ریڈی تعلیمی مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل کے سرکاری اسکولس میں ٹیچرس کی عدم موجودگی پر طلبہ ٹی سی لے کر دوسرے اسکولس کا رخ کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر اپنے اسمبلی حلقہ کا دورہ کرنے کے بجائے بار بار دہلی کے دورے کررہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری محکمہ تعلیم کا اجلاس طلب کریں ۔ تعلیمی ضروریات اور مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں ۔ طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانے پر زور دیا ۔۔ 2