تلنگانہ کا سروے ملک کیلئے رول ماڈل ثابت ہوگا : ریونت ریڈی

   

سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ، جمعہ تک 5,24,542 لاکھ گھروں کا سروے مکمل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مقررہ وقت میں ذات پات پر مبنی اقتصادی سماجی سروے مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ سروے میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے ریاست میں جاری سروے کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں جاری سروے ملک کے لیے رول ماڈل ثابت ہوگا ۔ لہذا بڑی ایمانداری اور دیانتداری سے مقررہ وقت پر سروے مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سروے میں حاصل کی جانے والی خاندانی تفصیلات عوام کی ترقی اور بہبود کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوں گی ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ جمعہ تک 5,24,542 گھروں کا سروے مکمل ہوگیا ہے ۔ جملہ 87,807 شمار کنندگان 8788 نگران کار کی قیادت میں سروے کررہے ہیں ۔ عوام سے سروے کے لیے مثبت ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ 52,493 دیہاتوں اور 40,901 اربن علاقوں کو 92,901 بلاکس میں تقسیم کرتے ہوئے سروے کیا جارہا ہے ۔ اس عمل کا دیہی سطح پر جائزہ لینے کے لیے متحدہ اضلاع کی بنیاد پر آئی اے ایس عہدیداروں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ عہدیداروں سے تفصیلی رپورٹ حاصل کرنے کے بعد سروے پر چیف منسٹر نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس جائزہ اجلاس میں چیف سکریٹری شانتی کماری ، محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور جی اے ڈی کے پرنسپل سکریٹری سندیپ سلطانیہ و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ 2