چھتیس گڑھ کے جنگلات میں موت ۔ ایک کروڑ سے زائد انعام تھا
حیدرآباد : /4 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سی پی آئی ماؤسٹ پارٹی کے سینئر قائد کٹاکم سدرشن عرف آنند عرف بریندر جی چھتیس گڑھ کے جنگلاتی علاقہ میں فوت ہوگیا ۔ متوفی ماؤسٹ لیڈر کے سر پر حکومت نے ایک کروڑ روپئے سے زائد انعام کا اعلان کیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق ماؤسٹ پارٹی نے اتوار کی صبح ذرائع ابلاغ کو بذریعہ پریس نوٹ یہ اطلاع دی کہ سینئر ماؤسٹ لیڈر کٹاکم سدرشن طویل علالت کے بعد /31 مئی کو فوت ہوگیا ۔ضلع عادل آباد کے بیلم پلی منڈل سے تعلق رکھنے والے سدرشن نے 1980 ء میں پیپلز وار گروپ (پی ڈبلیو جی) نکسلائیٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ تلنگانہ کے شمالی علاقوں سے تعلق رکھنے والے قبائیلی افراد سے ناانصافی اور ان کے استحصال کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے سدرشن نے نکسلائیٹ تنظیم میں شامل ہوکر حکومت کے خلاف کئی وارداتیں انجام دیں ۔ طویل عرصہ تک ماؤسٹ تنظیم سے تعلق رکھنے پر سدرشن کو ماؤسٹ پارٹی کا پولیٹ بیورو رکن بنایا گیا تھا اور وہ چھتیس گڑھ کے علاقہ ڈنڈاکارنیا سے اپنی کارروائی انجام دیا کرتا تھا ۔ سدرشن کے خلاف جملہ 21 سنگین وارداتوں کے مقدمات زیرالتواء ہیں اور زیادہ تر وارداتیں آندھراپردیش اور تلنگانہ میں انجام دیں تھیں ۔ سدرشن کا نام اُس وقت پولیس کی فہرست میں شامل ہوا جب اُس نے سال 2011 ء میں 70 سی آر پی ایف کے جوانوں کو ایک دھماکہ میں اڑانے میں اہم رول ادا کیا تھا جبکہ 2023 ء میں بھی کانگریس قائدین پر حملہ کیا تھا ۔ چند سال قبل سدرشن کی بیوی سادھنا جو ماؤسٹ پارٹی کی سکریٹری تھی کو انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا گیا تھا ۔ سدرشن کے سر پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے کا اعلان کیا تھا ۔ب