حیدرآباد: /17 فبروری (سیاست نیوز) ہند ۔ پاکستان سرحد کے قریب جیسلمیر، راجستھان میں منگل کی صبح مشکوک نوجوان کو مقامی افراد نے گرفتار کر لیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق مایاجلر علاقے کے گنجن گڑھ گاؤں کے قریب محدود سرحدی علاقے میں گھومنے والے شخص کو گاؤں والوں نے روک کر پوچھ گچھ کی۔ جب اس سے علاقے میں آنے کا مقصد پوچھا گیا تو اس نے غیر مطمئن جوابات دیئے ۔ جس کے بعد مقامی افراد نے اسے حراست میں لے کر سرحد کی حفاظت کرنے والی فورس (بی ایس ایف) کے حوالے کر دیا۔ گرفتار نوجوان کی شناخت 38 سالہ محمد اشفاق حسین جس کا تعلق تلنگانہ کے ضلع کریم نگر سے ہے جو حیدرآباد میں مقیم ہے۔ اس کے قبضے سے ہندوستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔ مقامی افراد کی اطلاع پر بی ایس ایف کی ٹیم موقع پر پہنچی، نوجوان کو حراست میں لیا اور اس کے پاسپورٹ کو ضبط کر لیا۔ دوسرے صوبے سے حساس سرحدی علاقے میں اجازت کے بغیر داخلہ امن و امان کی ایجنسیوں کے لیے تشویش کا باعث بنا ہے۔ سرحدی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انٹلیجنس ایجنسیوں نے بی ایس ایف کے ساتھ مل کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تلنگانہ سے اس دور دراز سرحدی علاقے تک پہنچنے کے حالات، مقامی رابطوں یا دیگر ممکنہ وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مقامی پولیس کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس شخص کو پولیس نے باقاعدہ طور پر گرفتار کیا ہے یا نہیں۔ب