تلنگانہ کا طالب علم بلی کے ساتھ یوکرین سے واپس

   

حیدرآباد5مارچ (یواین آئی) جنگ زدہ یوکرین سے آبائی مقام پہنچا ایک میڈیکل طالب علم وہاں سے اپنی بلی بھی ساتھ لایاجس سے وہ کافی محبت کرتا ہے ۔اس کو تلنگانہ لانے کے لئے اس نے بلی کے ویزا اور ٹکٹ کا بھی انتظام کیا۔تلنگانہ کے کھمم ضلع کے کلورمنڈل کے گاوں چناکوروکونڈوکارہنے والا پرکھیات یوکرین کے یووان فرینکن شہر میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کررہا تھا۔دو سال میں اس کی طبی تعلیم کی تکمیل ہونے والی تھی تاہم یوکرین پر روس کے حملہ کے سبب وہ وہاں پھنس گیا تھا۔رومانیہ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ وہ ہندوستان منتقل ہوا۔بعد ازاں وہ دہلی سے تلنگانہ کے طلبہ کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوگیا۔اس طیارہ میں 200طلبہ سوارتھے ۔ اس بارے میں اُس کا کہنا ہے کہ اس کو میڈیکل کی تعلیم فراہم کرنے والے پروفیسرس نے اس بلی کو اُسے تحفہ میں دیا ہے ۔اس بلی کوسانجا نام دیاگیا ہے ۔وہ اس بلی سے بے حد محبت کرتا ہے اور اس کی دیکھ بھال کا کام بھی کافی دلچسپی سے کرتا ہے ۔اس جانور سے اس کی محبت پر اس کے ارکان خاندان اور دوستوں نے اس کے جذبہ کی ستائش کی۔حیدرآباد واپسی کے بعد شمس آباد ایرپورٹ پر اس کے والدین اور رشتہ داروں نے اس کا شاندار استقبال کیا ۔