تلنگانہ کا طبی شعبہ 5 ماہ میں مفلوج : ہریش راؤ

   

ڈائگناسٹک سنٹرس کا عملہ 6 ماہ کی تنخواہ سے محروم
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سینئیر رکن اسمبلی و سابق وزیر صحت ہریش راؤ نے ڈائگناسٹک نظام کو مفلوج کرنے کا کانگریس حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں تلنگانہ ڈائگناسٹک سنٹرس کو قائم کیا گیا تھا ۔ کانگریس حکومت نے صرف 5 ماہ میں اس کو مفلوج کردیا ۔ ڈائگناسٹک سنٹسرس میں ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملہ کو کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ۔ ہریش راؤ نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں بحیثیت چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست بھر میں 36 ڈائگناسٹک سنٹرس قائم کرتے ہوئے 134 اقسام کے مفت طبی معائنہ کی سہولت فراہم کی تھی ۔ طبی شعبہ کو استحکام کرتے ہوئے ملک کے مثالی طبی شعبہ میں تبدیل کردیا تھا ۔ بی آر ایس حکومت کے اس اقدام سے لاکھوں غریب عوام اور عام افراد کو کسی بھی مالی بوجھ کے بغیر معیاری طبی خدمات اور مفت طبی معائنہ کرانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس سے عوام بھر پور استفادہ کررہے تھے ۔ کانگریس حکومت نے تلنگانہ کے طبی شعبہ کو پانچ ماہ میں مفلوج کردیا ہے ۔ 6 ماہ سے عملہ کو تنخواہیں بھی ادا نہیں کی جارہی ہے ۔ عوامی صحت کے معاملے میں کانگریس حکومت مجرمانہ غفلت اپناتے ہوئے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے ۔ حکومت فوری ہوش میں آئے اور ڈائگناسٹک سنٹرس میں خدمات انجام دینے والے عملے کو فوری تنخواہیں جاری کریں ۔ ڈائگناسٹک سنٹرس سے عوام کو مفت طبی معائنہ کرانے کی سہولت فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔۔2