تلنگانہ کا پیسہ کیرالا کی انتخابی مہم پر خرچ کرنے ہریش راؤ کا الزام

   

ریاستی خزانہ خالی ہونے کا دعویٰ کرنے والی کانگریس کا کیرالا میں اشتہارات پر کروڑوں خرچ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام کے پیسے کو پڑوسی ریاستوں کی انتخابی مہم پر خرچ کیا جارہا ہے ۔ کیرالا میں کانگریس کی انتخابی مہم کے لیے کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ ملیالم اخبارات میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر کی تصاویر کے ساتھ فل پیج اشتہارات دئیے جارہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جو حکومت یہاں یہ کہہ رہی ہے کہ سرکاری خزانہ خالی ہے ۔ وہیں حکومت کیرالا میں تلنگانہ عوام کے پیسے پانی کی طرح بہا رہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس حکومت پر خواتین اور نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا بھی الزام لگایا ۔ کانگریس نے انتخابات کے دوران ریاست کی خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے معاوضہ ، غریب لڑکیوں کی شادیوں میں ایک تولہ سونا ، کالج کی طالبات کو اسکوٹی دینے جیسے وعدے کئے تھے ۔ لیکن ان میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ ہریش راؤ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے خواتین اور لڑکیوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے جب کہ کیرالا میں ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کے دعوے کرتے ہوئے جھوٹا پروپگنڈہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے جو طلبہ روزگار کے نوٹیفیکیشن کے لیے احتجاج کررہے ہیں ان پر لاٹھی چارج کیا جارہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کیرالا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے وعدوں پر ہرگز یقین نہ کریں کیوں کہ دو سال قبل کانگریس نے اس طرح کے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاکر اقتدار حاصل کرنے کے بعد سماج کے تمام طبقات سے دھوکہ کیا ہے ۔۔ 2