کاماریڈی ۔ 21 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع بی آرایس صدر کاماریڈی و صدرنشین اُردو اکیڈیمی تلنگانہ محمد خواجہ مجیب الدین نے کاماریڈی کے مسجد عرفات میں مسلم نوجوانوں سے ملاقات کی ۔ اور انہیں بتایا کہ حلقہ اسمبلی کاماریڈی کو گجویل ، سدی پیٹ اور سرسلہ کی طرز پر ترقی دینے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اس مرتبہ کاماریڈی سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ چیف منسٹر کا یہ فیصلہ خوش آئند ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ کامیابی کے بعد شہر حیدرآباد کو جس طرح سے ترقی دی گئی اسی طرز پر کاماریڈی کو ترقی دی جائے گی ۔ آئی ٹی کا انقلاب آئے گا پروفیشنل تعلیمی اداروں کا جال پھیلادیا جائیگا عوام کو سرکاری ہاسپٹل میں کارپوریٹ طرز کی طبی امداد حاصل ہوگی ۔ اقلیتی بہبود کیلئے مزید بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے جس کا چیف منسٹر کے سی آر نے بی آرایس منشور جاری کرتے وقت وعدہ کیا ۔ کاماریڈی کے عوام متحدہ آندھرا پردیش کی حکومتوںاور تلنگانہ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور پھر سوچ سمجھ کر 30؍ نومبر کو بی آرایس پارٹی کے انتخابی نشان کار کے بٹن کو دبائیں ۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ دوسری جماعتوں کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے عملی اقدامات کرنے والی بی آرایس پارٹی کو تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے کے سی آر کو ہیٹرک چیف منسٹر بنے کا موقع فراہم کریں ۔