حیدرآباد30مارچ(سیاست نیوز) ریاست میںکورونا وائرس کے کتنے معائنہ کئے جارہے ہیں اور ان میں کتنے منفی و مثبت ہیں اس کی تفصیلات جاری نہ کئے سے عوام میں تشویش ہے کیونکہ چیف منسٹر چندرشیکھرراؤ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ریاست میں 25 ہزار937 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے کیونکہ ان میں کئی افراد بیرون ملک سفر کرنے والوں کے علاوہ ان سے رابطہ میں آئے ہیں۔حکومت کی جانب سے جو معائنے کئے جا رہے ہیں وہ انتہائی کم ہیں ۔ تلنگانہ میں 26 مارچ میڈیکل بلیٹن میں بتایا گیا تھا کہ ریاست میں جملہ 1319 افراد کے معائنہ کئے گئے ہیں جن میں 1274 افراد کے معائنہ منفی ہیں جبکہ اس وقت حکومت کے مطابق 17 ہزار 285 افراد قرنطینہ میں تھے جنہیں 14 دن تک عوام کے درمیان نہ نکلنے اور گھر کی حد تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی ۔ حکومت سے مجموعی اعتبار سے 10 فیصد کا ہی معائنہ کیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جو لوگ دواخانوں سے رجوع ہورہے ہیں اور یہ شکایت کر رہے ہیں کہ انہیں علامتیں ظاہر ہورہی ہیں تب بھی معائنے کے بجائے انہیں قرنطینہ میں رہنے تاکید کرکے واپس کردیا جا رہاہے۔ تلنگانہ میں جب کورونا وائرس سے پہلی موت واقع ہوئی تو پولیس کی جانب سے جامع مسجد ملے پلی پہنچ کر متوفی کے ہمراہ دہلی کا سفر کرنے والوں کی تفصیلات حاصل کی گئی اور انہیں کل پولیس کے فون کالس موصول ہوئے انہیں قرنطینہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ جو لوگ کورونا کی علامات کے ساتھ دواخانہ سے رجوع ہورہے ہیں اگر ان تمام کے معائنہ ہوں تو مریضوں کی شناخت اور انکے علاج کے ساتھ اسے معاشرتی وباء بننے سے روکنے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ سکندرآباد اور دیگر اضلاع میں قرنطینہ میں رکھے گئے تمام افراد کے معائنوں کو یقینی بنائے جانے پر ہی یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ جن افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا وہ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔