تلنگانہ :کورونا معائنوں کے پیمانے میں تبدیلی ناگزیر

   

سفری تفصیل نہ ہونے پر معائنوں سے گریز قابل تشویش
حیدرآباد۔22مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی اور معائنوں کیلئے پیمانے تبدیل کئے جانے ناگزیر ہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے طئے کئے جانے والے پیمانہ کے باعث کورونا وائرس کی علامات میں مبتلاء کئی مریضوں کا معائنہ نہیں کیا جا رہاہے اور کہا جارہا ہے کہ ان کے سفری تفصیلات اور بنیادی رابطوں کی تفصیلات موجود نہ ہونے کے سبب ان کا معائنہ کرنا بے فیض ہے۔حکومت تلنگانہ کے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق یرونی سفر کرنے والوں اور ان سے رابطہ میں آنے والوں کے علاوہ ان لوگوں کا معائنہ کیا جا رہاہے جو کورونا وائرس کے مثبت پائے جانے والے مریض سے رابطہ میں رہا ہے ۔شہر حیدرآباد میں جن علاقوں میں ریڈ زون اور کنٹینمنٹ زون بنائے گئے تھے ان علاقوں کے رہنے والوں کا بھی معائنہ کیا جانا انتہائی ضروری ہے لیکن حکومت کی جانب سے ایسا نہیں کیاجا رہاہے۔شہر حیدرآباد میں کئی لوگ شدید مسلسل بخار اور کھانسی کی شکایت کررہے ہیں اور وہ ان شکایات کے ساتھ گاندھی ‘ عثمانیہ اور کنگ کوٹھی دواخانہ سے رجوع ہورہے ہیں لیکن انہیں وہاں بعد از تشخیص تین یوم کی دوا دیتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ وہ تین دن تک ان ادویات کا استعمال کریں اور اس کے بعد بھی اگر ان کا بخار کم نہ ہو اور کھانسی کا سلسلہ جاری رہے تو دوبارہ دواخانہ سے رابطہ کرے لیکن محکمہ صحت کی یہ پالیسی شہر میں موجود دیگ افراد کو متاثر کرنے کا سبب ثابت ہوسکتی ہے۔