عوام خود اپنا تحفظ کریں،مزید لاک ڈاؤن نہیں : ای راجندر
حیدرآباد۔ وزیر صحت ای راجندر نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس آئندہ دنوں میں مزید تیزی کے ساتھ پھیل سکتا ہے لہذا عوام کو صورتحال سے نمٹنے میں احتیاطی تدابیر سے حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ وزیر صحت نے کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ میں مزید لاک ڈاؤن کا امکان مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ حکومت کورونا سے مختلف محاذوں پر نمٹ رہی ہے اور احتیاط وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے معاون ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین نے کورونا کے پھیلاؤ کی پیش قیاسی کی جس کے پیش نظر حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے ڈاکٹرس و میڈیکل اسٹاف کے حوصلوں کو پست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو مناسب نہیں ہے۔ ماہرین نے ہندوستان میں کیسوں میں تیزی سے اضافہ کی پیش قیاسی کی۔ اگر یہ پیش قیاسی درست ہوجائے تب بھی حکومت ہر طرح سے صورتحال سے نمٹے گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے طویل جنگ لڑی جانی پڑیگی۔ انہوں نے کہا کہ خانگی لیباریٹریز کی ذمہ داری ٹسٹ کے ساتھ ختم ہوجاتی ہے جبکہ حکومت علاج اور ربط میں آنے والے افراد پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اموات کی شرح دیگر ریاستوں سے کم ہے اور ریکوری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں اور اس کیلئے انہیں ماسک کا استعمال اور سماجی دوری کی پابندی کرنی چاہیئے۔ وزیر صحت نے کہا کہ عوام کو وائرس کے پھیلاؤ سے خوفزدہ ہونے کی بجائے چوکسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری دواخانوں میں 17000 بستروں کی گنجائش ہے اور 1000 وینٹلیٹرس ہیں جبکہ 5000 بستر آکسیجن کی سہولت کے ساتھ موجود ہیں۔ خانگی ہاسپٹلس میں حکومت نے 35000 بستروں کی نشاندہی کی ہے۔
