حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 206 نئے کیسس منظر عام پر آئے جبکہ 346 افراد صحت یاب ہوئے۔ اس مدت کے دوران دو افراد کی کورونا سے موت واقع ہوئی ۔ محکمہ صحت کے بلیٹن کے مطابق ریاست میں پازیٹیو کیسس 291872 ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 286244 ہوچکی ہے۔ 1579 افراد کورونا سے فوت ہوئے ہیں۔ ریاست میں ایکٹیو کیس 4049 ہیں جن میں 2281 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کے درمیان 21898 ٹسٹ کئے گئے جن میں 350 کا نتیجہ باقی ہے ۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران کورونا ٹسٹوں میں کمی ہوئی ہے۔ ہائی کورٹ نے روزانہ 50,000 ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن سنکرانتی تہوار اور کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کی سرگرمیوں کے سبب ٹسٹوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 45 نئے کیسس درج ہوئے جبکہ اضلاع میں کریم نگر 17 ، ملکاجگری 11 ، رنگا ریڈی 16 اور ورنگل اربن میں 9 کیس درج ہوئے۔