۔195 کا تعلق گریٹر حیدرآباد سے ۔ 3 افراد فوت
حیدرآباد 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں آج بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بھاری اضافہ کا سلسلہ جاری رہا اور آج ریاست بھر سے جملہ 237 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ آج جو کیس رپورٹ ہوئے ہیں وہ تمام مقامی مریض ہیں اور ان میں کوئی مائیگرنٹ یا بیرون ملک سے آنے والا شخص شامل نہیں ہے ۔ آج 237 نئے کورونا پازیٹیو کیسوں کے ساتھ ریاست میں جملہ کورونا سے متاثر ہونے والے مقامی افراد کی تعداد بڑھ کر 4525 ہوگئی ہے جبکہ جملہ 449 مائیگرنٹس یا بیرون ملک سے آنے والے افراد بھی متاثر ہوئے ہیں اس طرح ریاست میں جملہ 4974 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں کورونا سے 3 اموات ہوئی ہیں اس طرح اب تک مرنے والوں کی جملہ تعداد بھی بڑھ کر 185 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں جملہ 186 افراد کو علاج اور صحتیابی کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ اب تک ریاست میں جملہ 2377 افراد کو صحتیابی کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے اور اب بھی 2412 افراد دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج کے جملہ متاثرین میں 195 کا تعلق گریٹر حیدرآباد سے ہے ۔ میڑچل ضلع سے 10 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 8 کیس رنگا ریڈی سے اور 5 کیس سنگا ریڈی ضلع سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ تین کیس منچریال سے آئے ہیں۔ ورنگل اربن ‘ کاما ریڈی ‘ کریمنگر ‘ نظام آباد اور محبوب نگر سے 2 , 2 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ میدک ‘ سرسلہ ‘ عادل آباد ‘ سدی پیٹ ‘ یادادری اور ورنگل رورل سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ بلیٹن میں حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی جانب سے کورونا سے بچنے ہر ممکن احتیاط کریں۔ 10 سال سے کم عمر کے بچوں اور 60 سال سے زائد عمر والے افراد سے خاص طور پر گھروں میں رہنے اور احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے ۔