تلنگانہ : کورونا کے 4207 نئے کیس : دو اموات

   

حیدرآباد۔20جنوری(سیاست نیوز)تلنگانہ میں کورونا کے 4207نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ ریاست میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 663تک پہنچ چکی ہے۔ جی ایچ ایم سی میں 1645 کورونا کیس رپورٹ ہوئے ۔ محکمہ صحت کے بلیٹن میں کہا گیا کہ 24 گھنٹوں میں 1لاکھ 20ہزار215 افراد کا معائنہ کیا گیا جن میں 4207 افراد کو کورونا کی توثیق ہوئی ۔ میڑچل ۔ملکا جگری اور رنگاریڈی میں کورونا مریضوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرچکی ہے اور شہر میں کل کے مقابلہ 171 کیس زیادہ رہے ۔ 19 جنوری کو شہر میں 1474 کورونا مریض تھے اور آج 1645 مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ میڑچل ۔ ملکا جگری میں 380 کیس رہے جبکہ رنگاریڈی میں 336 کیس رپورٹ ہوئے ۔ہنمکنڈہ میں 154 اور سنگاریڈی میں 107 کیس رپورٹ ہوئے ۔ ریاست میں کورونا کا شکار 2افراد کی موت ہوئی اور اب تک مرنے والوں کی تعداد 4067 تک پہنچ چکی ہے۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں آج پھر گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1825 افراد صحت یاب ہوئے ۔خانگی و سرکاری دواخانوں میں 2847 مریض زیر علاج ہیں ۔ وزیر صحت ہریش راؤ کی مسلسل اپیل کے باوجود کورونا مریضوں کی بڑی تعداد خانگی دواخانوں سے رجوع ہورہی ہے ۔ یہاں مریضوں کی تعداد سرکاری دواخانوں سے دوگنی آرہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ 1 لاکھ 20ہزار215 معائنوں میں 10ہزار 136 معائنوں کی رپورٹ باقی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں محکمہ صحت سے کورونا معائنوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔م