دیورکنڈہ میںنرسنگ کالج کی منظوری کا اعلان ‘ آبپاشی ودیگرترقیاتی کاموںکوبھی مکمل کرنے کا تیقن‘ عوامی جلسہ سے خطاب
نلگنڈہ۔6؍ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کے آنے والے دنوں میں تلنگانہ کو نمبر ون ریاست بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کے وزیراعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی حکمرانی ہی عوامی کامیابی کی بنیاد ہے۔ وہ آج ضلع نلگنڈہ کے دیورکنڈہ اسمبلی حلقہ میں منعقدہ عوامی حکمرانی عوامی وِجے اتسو پروگرام سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے دیورکنڈہ میونسپلٹی میں تقریباً 20 کروڑ روپے لاگت سے مختلف ترقیاتی کاموں کی سنگِ بنیاد رکھی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے میپما خواتین گروپ کو 11 کروڑ 33 لاکھ 46 ہزار روپے کے بینک لنکیج چیکس بھی فراہم کیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست پہلے ہی دھان کی خریداری منشیات کے انسداد، تعلیم، صحت اور دیگر کئی شعبوں میں ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 8 اور 9؍ دسمبر کو مہیشورم میں منعقد ہونے والے تلنگانہ رائزنگ سمّٹ میں ریاست کی ترقی اور فلاحی پروگراموں کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ دیورکنڈہ اسمبلی حلقہ کو ہر لحاظ سے ترقی دی جائے گی۔ حلقہ کے لئے نرسنگ کالج منظور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کو فوری طور پر تخمینہ منصوبہ تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اسی طرح دیورکنڈہ کے مختلف منڈل اور ضلع ہیڈکوارٹر کے درمیان سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے متعلقہ وزراء کو خصوصی جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ریاستی وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیورکنڈہ اور اطراف کے قبائلی علاقوں میں مدّی مڈگو کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے اور یہاں سیوالال مہاراج کا مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا۔ دیورکنڈہ کے وینکٹیشورا سوامی مندر کی تکمیل کے لئے آئندہ مالی سال میں فنڈز فراہم کئے جائیں گے جبکہ جونیئر کالج کی ترقی کے لئے 6 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس اعتماد ظاہر کیا کہ پینڈلی پاکلا سمیت حلقہ کی تمام لفٹ ایریگیشن اسکیمیں اسی اسمبلی مدت میں مکمل کر لی جائیں گی، نیز ایس ایل بی سی اور ڈنڈی پراجکٹ کی تکمیل بھی یقینی بنائی جائے گی۔ریاستی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے دو برسوں میں 61 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں کسانوں کو 24 گھنٹے مفت بجلی مہیا کی جا رہی ہے اور 25 لاکھ سے زائد کسان خاندانوں کے 25,614 کروڑ روپے کے قرضے معاف کئے گئے ہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 3,500 اندِرامّا مکانات منظور کئے گئے ہیں جبکہ ریاست بھر میں 22,500 کروڑ روپے کی لاگت سے ساڑھے چار لاکھ مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ قبائلی علاقوں میں 25 ہزار اضافی مکانات کے لئے خصوصی جی او جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تین کروڑ دس لاکھ افراد سْوپیریئر سْنّا باریک چاول حاصل کر رہے ہیں جو ملک کی کسی اور ریاست میں فراہم نہیں کیا جا رہا۔اس جلسہ کوریاستی وزیر سیول سپلائز این۔اْتّم کمار ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف دو برسوں میں تلنگانہ نے ترقی اور فلاح و بہبود کے وہ ریکارڈ قائم کئے ہیں جو ملک کی کسی اور ریاست میں ممکن نہیں ہو سکے۔ وزیر عمارات و شوارع اور سنیماٹوگرافی جناب کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ دیورکنڈہ کو بھی کوڑنگل کی طرح ترقی دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دیورکنڈہ حلقہ کے لئے مزید سڑکوں کی منظوری کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے دیورکنڈہ ایریا ہاسپٹل کو 100 بستروں سے بڑھا کر 200 بستروں تک توسیع دینے کی سفارش کی۔دیورکنڈہ رکن اسمبلی بالا نائیک نے جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دیورکنڈہ ایریا ہاسپٹل کو ترقی دی جائیموٹر وہیکل انسپکٹر آفس منظور کیا جائے پینڈلی پاکلا سمیت تمام زیر التواء آبپاشی اسکیمیں مکمل کی جائیں اور نئے منڈلوں میں تحصیلدار و ایم پی ڈی او دفاتر کے لئے عمارات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے تعلیم کے شعبہ اور پینے کے پانی کی فراہمی میں بہتری کے لئے بھی اقدامات کا مطالبہ کیا۔