محبوب نگر میں چیف منسٹر نے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت کیلئے ریونت ریڈی کا تیقن
حیدرآباد۔17جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کو تعلیمی میدان اور آبپاشی میں سرفہرست بنانے کام کر رہی ہے اور حکومت کے منصوبہ میں دونوں شعبہ جات کی ترقی ترجیحی بنیادوں پر شامل کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محبوب نگر میں ترقیاتی کاموں کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے طلبہ کی بڑی تعداد سے کہا کہ حکومت سے آبپاشی شعبہ کی ترقی کے ذریعہ تلنگانہ کے زرعی اراضیات کو سیر آب کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس منصوبہ پر عمل کے ذریعہ حکومت نے ملک بھر میں بہترین نظام آبپاشی کا نشانہ حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ ساتھ ہی ریاست کو تعلیمی میدان میں سرفہرست بنانے اور بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے خواندگی میں بہتری لانے اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے ذریعہ طلبہ اپنی زندگی میں جو بھی نشانہ مقرر کریں وہ حاصل کرسکتے ہیں لیکن اس کیلئے انہیں تعلیم ضروری ہے۔ محبوب نگر میں ٹریپل آئی ٹی کی سنگ بنیاد تقریب کے بعد ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت طلبہ کی تعلیم کو بہتر بنانے متعدد اقدامات کر رہی ہے جن میں ماڈل اسکولوں کے قیام پر عمل کے علاوہ تکنیکی سہولتوں اور فنون سے واقفیت کی سہولت فراہم کرنے اقدامات شامل ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ طلبہ اور نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کیلئے حکومت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی ان اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی تعلیم کو بہتر بنائیں اور مستقبل کو تابناک بنائیں۔ چیف منسٹر نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرکے حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے کامیابی کی منزل طئے کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت نوجوانوں کو نہ صرف اعلی تعلیم یافتہ بنانے کوشاں ہے بلکہ ریاست بھر میں نوجوانوںکو کھیل کود کی سہولتوں کے ساتھ انہیں ہنر مند بنانے کی منصوبہ بندی بھی کی جار ہی ہے تاکہ ریاست کے نوجوانوں کو جامع ترقی کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ میں کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد زرعی مزدور اور کسانوں کے بہتر مستقبل کیلئے اقدامات کا آغاز کیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں اور حکومت آبپاشی شعبہ کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آبپاشی کے شعبہ میں ترقی کے ذریعہ ریاست کے عوام کو پینے کے پانی کی سربراہی اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ کسانوں کو سرسبز و شاداب ماحول کی فراہمی یقینی بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے اپنے دورۂ محبوب نگر کے دوران کہا کہ شہر حیدرآباد کے پہلے وزیر اعلیٰ کا تعلق محبوب نگر سے رہا اور اس کے 75 سال بعد وہ محبوب نگر کے بیٹے ہیں جنہوں نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت اور افادیت کا تذکرہ کرکے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے معاملہ میں کوئی مفاہمت نہیں کرے گی۔ انہوں نے جڑچرلہ سے محبوب نگر کے مختلف مواضعات کا بذریعہ سڑک دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد رکھا۔چیف منسٹر نے دورہ کے دوران محبوب نگر میونسپل کارپوریشن کے حدود میں ایم وی ایس ڈگری اینڈ پی جی کالج کے احاطہ میں ینگ انڈیا انٹگریٹڈ اقامتی اسکول کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جو کہ 200 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔اس کے علاوہ 20کروڑ 50 لاکھ کی لاگت سے ڈگری و پی جی کالج میں اضافی کلاس رومس کی تعمیر کو مکمل کرنے کی منظوری دی گئی ۔ چیف منسٹر نے 220 کروڑ94 لاکھ کی لاگت سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے علاوہ 603 کروڑ کی لاگت سے محبوب نگر میں زیر زمین ڈرینیج نظام کے کاموں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے نرسنگ کالج کی عمارت کو منظوری کے بعد 40 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے بھومی پوجا انجام دی۔3