ضلعی سطح پر آج سے شعور بیداری مہم، وزیر مال سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کو اراضی تنازعات سے پاک کرنے کے مقصد سے بھوبھارتی قانون نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 برسوں کے دوران بی آر ایس دور حکومت میں اراضیات کے معاملہ میں کئی بے قاعدگیاں کی گئیں لیکن کانگریس حکومت نے کسانوں کی اراضیات کے تحفظ کیلئے بھوبھارتی قانون متعارف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں قانون پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے اور پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر 4 منڈلوں کا انتخاب کیا گیا۔ وزیر مال نے مدور منڈل میں بھوبھارتی پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں بھوبھارتی قانون کے بارے میں شعور بیداری کیلئے ضلع کلکٹرس اور عوامی نمائندوں کو مہم چلانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کل 17 اپریل سے ریاست بھر میں ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں شعور بیداری پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور گاؤں گاؤں میں عوام کو نئے قانون کے فوائد سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع کے مدور منڈل میں قانون پر عمل آوری کا آج سے آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملگ اور عادل آباد اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے بھوبھارتی قانون پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔ وزیر مال نے کہا کہ نئے قانون کے نتیجہ میں عوام بالخصوص کسان اپنی اراضیات کو محفوظ کرپائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کسانوں کو اراضیات کے حق سے محروم کردیا گیا تھا اور کانگریس حکومت انہیں اراضی واپس دلانے کے اقدامات کرے گی۔1