مودی اور امیت شاہ ملک کیلئے منحوس جوڑی، ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا الزام، تلنگانہ کی ترقی سب سے آگے
سوریاپیٹ۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کا حال ماں کو مارنے اور بچے کی سالگرہ منانے جیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے تلنگانہ کو دھوکہ دیا ہے۔ بی جے پی ہر قدم پر تلنگانہ معاملہ پر زہر اگل رہی ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے پاس آئین اور نظام کا کوئی احترام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ کی غدار ہے۔تلنگانہ عوام بی جے پی کو باہر نکال دیں۔ مودی 8 سال سے تلنگانہ کا گلا گھونٹنے کی سازش کر رہے ہیں۔بی جے پی خود کفیل تلنگانہ کو قتل کرنے کی سازش کر رہی ہے۔بی جے پی حکومت قرضے اور فنڈز دیئے بغیر زہر اگل رہی ہے۔ مودی امیت شاہ ملک کے لئے منحوس جوڑی ہے۔ وہ تلنگانہ کو اندھیرے میں دھکیلنے کی سازش کر رہے ہیں. بی جے پی کو مذہبی منافرت کے علاوہ عوام کی بھوک کا کوئی علم اور احساس نہیں ہے. جگدیش ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر ملک میں بھوک مٹانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔تلنگانہ میں بی جے پی کی ہمیشہ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور تلنگانہ میں خفیہ سیاست نہیں چلے گی۔ دریں اثناء وزیر برقی جگدیش ریڈی نے سوریاپیٹ ضلع میں شہری اور دیہی ترقی کے مختلف پروگراموں کا آغاز کیا اور دلت بندھو یونٹس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کا ملک کی کسی دوسری ریاست سے کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر تلنگانہ سماج کو ایک اچھا مہذب معاشرہ بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ہندوستان کی دیگر تمام ریاستوں سے ایک قدم آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جو ملک کے ہر گھر کو میٹھا پانی فراہم کرتی ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا اگر ملک کے بیس گاؤں کا تقابل کیا جائے تو 19 گاؤں تلنگانہ کے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے دیہی اور شہری ترقیاتی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا مقابلہ ہندوستان کی کسی دوسری ریاست سے نہیں ہے اور تمام عوامی نمائندے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں جو لوگ بیرون ملک گئے، جو گاؤں چھوڑ کر شہروں کی طرف ہجرت کر گئے، وہ آج اپنے وطن دیہاتوں میں واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دیہاتوں میں ہر طرح کی سہولتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دیہی سطح سے لے کر ریاستی سطح تک عہدیدار ہر اسکیم کی کامیابی کے لئے سخت محنت کررہے ہیں۔