150 ایم بی بی ایس نشستوں میں اضافہ، جاریہ سال سے داخلے
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) نیشنل میڈیکل کونسل نے ریاست تلنگانہ میں ایم بی بی ایس کی کونسلنگ کے دوران مزید ایک خانگی میڈیکل کالج کو منظوری دی ہے۔ ضلع رنگاریڈی میں حیدرآباد۔ وجئے واڑہ نیشنل ہائی وے کے قریب نووا میڈیکل کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ کالج کو ایم بی بی ایس کی 150 نشستوں پر داخلہ دینے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ریاست میں کنوینر کوٹہ ایم بی بی ایس نشستوں پر داخلے کیلئے کونسلنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دو مرحلے کی کونسلنگ مکمل ہونے کے بعد ایک نئے خانگی میڈیکل کالج کو قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ نئی دستیاب 150 نشستوں میں سے نصف یعنی 75 نشستیں کنوینر کوٹہ کے تحت پُر کی جائیں گی۔ کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی کے ذرائع کے مطابق فی الحال کنوینر کوٹہ کی کونسلنگ کے دوسرے مرحلہ کے بعد اس کوٹہ میں 20-25 نشستیں خالی ہیں۔ اس میں نئی نشستوں کو شمار کرلیا جاتا ہے تو کنوینر کوٹہ میں 95 تا 100 نشستیں دستیاب ہوجائیں گی۔ ریاست میں نئے میڈیکل کالج کے قیام سے تلنگانہ میں خانگی میڈیکل کالجس کی تعداد بڑھ کر 29 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں ملاریڈی گروپ سے تعلق رکھنے والے دو میڈیکل کالجس کو اس سال ڈیمڈ یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہوگیا ہے۔ ان کالجس میں تمام نشستیں مینجمنٹ کوٹہ میں بھرتی کی جائیں گی جس کا ریاست کی کونسلنگ سے کوئی تعلق نہیں رہے گا جس سے تلنگانہ کے طلبہ کو نشستیں حاصل ہونے والے خانگی میڈیکل کالجس کی تعداد 27 تک محدود ہوگئی ہے۔2