حیدرآباد ۔ 3 جون (سیاست نیوز) یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ تلنگانہ ایک خاندان کے ہاتھوں میں غلام بن گیا ہے۔ مرکزی وزیرسیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہا کہ کئی جدوجہدوں کے ساتھ حاصل کی گئی ریاست تلنگانہ ایک بدعنوان ریاست بن گئی ہے جہاں ہر ممکن طریقہ سے عوام کو فریب دیا جارہا ہے۔ وہ کل قلعہ گولکنڈہ میں دس سالہ یوم تاسیس تقریب کے موقع پر مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ر یاست کو قرض کے جال میں پھنسا کر مالی بحران سے دوچار کردیا ہے اور دنیا بھرمیں اگر کوئی قرض دینے والا ہو تو قرضہ جات لینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرض، ترقیاتی کاموں اور عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کیلئے لیا جاتا ہے لیکن بی آڑ ایس حکومت نے لاکھوں کروڑ روپئے کے قرض حاصل کئے اور اس میں ہزاروں کروڑ روپئے کرپٹ طریقوں سے ہرپ لئے۔ دوسری طرف کسان بینک سے کراپ لونس حاصل نہیں کرپارہے ہیں اور خودکشی کررہے ہیں۔