تلنگانہ کو تعلیم کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے حکومت کے اقدامات

   

معیاری تعلیم کیلئے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کا قیام،پیانل ڈسکشن سے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ تلنگانہ کو تعلیم کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے گلوبل سمٹ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 کے تحت منعقدہ گلوبل ایجوکیشن ہب پر پیانل ڈسکشن میں حصہ لیتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبہ جات کو اولین ترجیح دی ہے۔ تعلیم کو عالمی معیار کی سہولتوں اور انفراسٹرکچر سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکل یونیورسٹی کے علاوہ آرٹیفشل انٹلیجنس یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی تعلیم پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ غریب اور متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لئے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کی لڑکیوں کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کے لئے نرسنگ اور دیگر کورسس کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 16 نئے نرسنگ کالجس قائم کئے گئے ۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ صرف ڈگری حوالے کرنے سے کچھ نہیں ہوگا ، لہذا حکومت نے بین الاقوامی سطح پر ملازمت کیلئے درکار صلاحیتوں میں اضافہ کے اقدامات کئے ہیں۔ تلنگانہ کے نوجوانوں کو عالمی سطح کے اداروں میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے امیدواروں کو جرمنی ، جاپان اور دیگر زبانوں کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ دیگر ممالک میں نرسنگ شعبہ میں کامیابی سے خدمات انجام دے سکیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ قابلیت اور مہارت کے بغیر تعلیم ادھوری ہے اور مہارت کے ساتھ ہی تعلیم کو اثاثہ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔ بنیادی سطح سے اعلیٰ تعلیم تک معیار کو بہتر بنانے پر حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 47 یونیورسٹیز اور 1951 اعلیٰ تعلیمی ادارے موجود ہیں۔ تعلیمی اداروں کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اسکولس کے قیام کا مقصد غریب خاندانوں کے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ حکومت نے 2047 تک تعلیمی شعبہ کی ترقی کا جامع منصوبہ تیار کیا۔1