تلنگانہ کو جنوبی ایشیا کا ٹیکسٹائل دارالحکومت بنانے کا عزم: ریونت ریڈی

   

ملبوسات کی دنیا بھر میں مانگ، ایشین ٹیکسٹائل کانفرنس کا حیدرآباد میں آغاز
حیدرآباد ۔3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کو جنوبی ایشیاء کا ٹیکسٹائل دارالحکومت بنایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے آج ہائی ٹیکس میں 13 ویں ایشین ٹیکسٹائل کانفرنس 2026 کا افتتاح کیا ۔ ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو اور ٹی ناگیشور راؤ افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔ چیف منسٹر نے ریاست میں گرین ٹیکسٹائل ہب قائم کرنے کیلئے حکومت کے منصوبہ پر روشنی ڈالی ۔ تلنگانہ حکومت اور کنفیڈریشن آف انڈین ٹیکسٹائل انڈسٹری میں مشترکہ تعلقات کانفرنس کا اہتمام کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2047 تک ریاست کو جنوبی ایشیاء کا ٹیکسٹائل دارالحکومت بنایا جائے گا ۔ حکومت صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو بہتر انفراسٹرکچر کے علاوہ زمین ، بجلی ، پانی اور دیگر مراعات فراہم کرے گی۔ تلنگانہ رائزنگ ویژن اور 2037 تک تین ٹریلین ڈالر کی معیشت کا حکومت نے نشانہ مقرر کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2034 تک ریاست کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر تک ترقی دی جائے گی۔ حکومت نے معیشت کی ترقی کیلئے عالمی سطح کی پالیسی تیار کی ہے۔ تلنگانہ میں صنعتوں کے لئے بہتر انسانی وسائل موجود ہیں۔ چیف منسٹر نے پوچم پلی ، گدوال ساڑی ، ورنگل اور نارائن پیٹ میں بنکروں کی تخلیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل صرف ایک صنعت نہیں بلکہ ریاست کی بنکر برادری کے لئے زندگی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ٹیکسٹائل میں کئی خوبیاں ہیں۔ ہندوستان میں کاٹن کی سب سے زیادہ پیداوار تلنگانہ میں ہوتی ہے اور تلنگانہ کا کاٹن عالمی سطح پر اپنے معیار اور عمدگی کیلئے جانا جاتاہے۔ ہندوستان کی کپڑا سازی کی شانداری تاریخ رہی ہے جہاں صدیوں سے فن اور ثقافت میں روایتی ٹیکسٹائل کو کمال تک پہنچایا۔ ریونگ ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے میں نے سری نام نومی کے موقع پر بھدرا چلم مندر میں روایتی ملبوسات پیش کئے۔ انہوں نے نظام دور حکومت کی تجارت کا ذکر کیا جب دنیا بھر سے تاجر حیدرآباد آکر کپڑے اور موتی حاصل کرتے تھے۔ تلنگانہ میں ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ترقی کیلئے مہارت اور عزم دونوں موجود ہیں۔ ورنگل میں کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک قائم کیا گیا اور دیگر علاقوں میں اپیرل پارکس قائم کئے گئے ۔ چیف منسٹر نے کانفرنس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے 1200 سے زائد مندوبین سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں ٹیکسٹائل شعبہ کی ترقی میں اپنا رول ادا کریں۔ تلنگانہ عالمی سطح پر اپنے پراڈکٹس کو پیش کرسکتا ہے۔ حیدرآباد نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے لئے فلم پروڈکشن کا مرکز بن رہا ہے۔ حال ہی میں نیٹ فلیکس نے آئی لائین اسٹوڈیو قائم کیا۔ ٹالی ووڈ اور بالی ووڈ حیدرآباد کو اپنا مرکز بناچکے ہیں اور ہالی ووڈ بھی حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کر رہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ تلنگانہ کی عالمی سطح پر ویاکسین اور ادویات کی تیاری میں نمایاں شناخت حاصل ہے۔ چیف منسٹر نے ٹیکسٹائل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی صورت میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔1