تلنگانہ کو سگریٹ نوشی سے پاک بنانے قانون پر سختی سے عمل

   

Ferty9 Clinic

سرکاری و خانگی دفاتر اور تجارتی اداروں میں سگریٹ پینا منع ہے کے بورڈ آویزاں کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔یکم۔اگسٹ(سیا ست نیوز) ریاست کو سگریٹ نوشی سے پاک ریاست بنانے کیلئے COPTA-2003 قانون پر سختی سے عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں اور ضلع واری اساس پر ٹاسک فورس اور خصوصی ٹیموں کی تشکیل کے ذریعہ عوامی مقاما ت پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے ریاست تلنگانہ میں سیگریٹ نوشی اور دیگر تمباکو اشیاء پر عائد امتناع کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیاجس میں ریاست کے مختلف محکمہ جات کے اعلی عہدیداروں کے علاوہ پولیس عہدیدار موجود تھے۔مسٹر ایس کے جوشی نے اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ تفریحی ‘ سیاحتی مقامات کے علاوہ عوامی مقامات بالخصوص عوامی حمل و نقل کے ذرائع اور سڑکوں پر سیگریٹ نوشی کرنے والوں کے علاوہ تمباکو استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے اقدامات کئے جائیں۔ چیف سیکریٹری کی جانب سے طلب کردہ جائزہ اجلاس میں ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی ‘ مسٹر انجنی کمار‘ مسٹر سجنار‘ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت‘ مسز شانتی کماری‘ مسز یوگیتا رعنا‘مسٹر گوند ترپاٹھی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ جائزہ اجلاس کے دوران اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ریاست کے تعلیمی نصاب کے علاوہ اسکول اور کالجس میں طلبہ کے ذریعہ سگریٹ نوشی اور تمباکو کے استعمال کو روکنے کیلئے شعور بیداری مہم چلائی جائے۔ مسٹر ایس کے جوشی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو سگریٹ نوشی سے پاک ریاست بنانے کیلئے فوری طور پر شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں ریستوراں‘ بار‘ ہوٹلوں اور دیگر مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے ان مقامات پر شگریٹ نوشی میں مصروف افراد کے خلاف بھاری جرمانے عائد کئے جائیں اور اس کے لئے ضلعی سطح پر ٹاسک فورس کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔انہوں نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ بس اسٹینڈ ‘ تفریحی مقامات اور پارکنگ کے مقامات کے علاوہ سڑکوں کے کناروں پر کھڑے سگریٹ نوشی کرنے والوں پر نظر رکھی جائے اور ان پر چالان کرتے ہوئے قانون کے متعلق انہیں واقف کروایاجائے۔ علاوہ ازیں دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ تال میل کو یقینی بناتے ہوئے عام مقامات پر سگریٹ نوشی کو ختم کروایاجائے اور تمباکو اورسگریٹ کی فروخت کے لئے موجود قوانین پر سختی کے ساتھ عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں تاکہ قانون کے نفاذ میں دشواریاں نہ ہوں۔