15 ایکو پارکس کا قیام ، ماضی میں سیاحتی مراکز کو تجارتی مراکز میں تبدیلی : سرینواس گوڑ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر سیاحت سرینواس گوڑ نے کہا کہ ریاست میں 15 ایکو ٹورازم پارکس کو ترقی دی گئی ہے ۔ سوما شیلا ذخیرہ آب ، سنگوٹم ذخیرہ آب ، اکامہا دیوی غاروں ، ایگالہ پنٹ ، منونور ، ملالہ تیرتھم ، امامہاویشورم ، لکناورم ، میڈارم ، تاڈوائیے ، پاکالہ ، علی ساگر کے پاس ایکو پارکس کو ترقی دی گئی ہے ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کی جانب سے ریاست میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر سیاحت نے کہا کہ ماضی میں سیاحتی مقامات کو تجارتی مراکز میں تبدیل کیا گیا تھا ۔ تاہم علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جس سے تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت کی عظمت رفتہ بحال ہوئی ہے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں سیاحت کے نام پر قیمتی اراضیات پر قبضہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر اچم پیٹ اور سوماشیلا کو ترقی دی جارہی ہے ۔ سوماشیلا سے سری سیلم تک کشتی چلائی جارہی ہے ۔ جن مقامات پر ذخیرہ آب تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ وہاں سیاحت کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لیے کشتیوں کی خدمات دستیاب رکھی جارہی ہے ۔ امامہیشورم مندر کے پاس پارک کے ساتھ ٹریکنگ کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ ضلع محبوب نگر کے قریب 2,097 ایکڑ اراضی پر کے سی آر ایکو پارک قائم کیا گیا ہے ۔ بہت جلد فاریسٹ آفیسرس کا اجلاس طلب کرتے ہوئے نلاملا کے جنگلات میں سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ پاکالہ تالاب کے قریب تھوڑے ترقیاتی اقدامات کئے گئے ہیں بہت جلد تمام مقامات کا دورہ کرتے ہوئے مزید ترقیاتی اقدامات کو منظوری دی جائے گی ۔ کوئل ساگر ، سرلہ ساگر ، میڈمیانر کے علاوہ دوسرے ذخیرہ آبوں کے پاس ایکو ٹورازم کو ترقی دی جائے گی ۔ تلنگانہ کو سیاحت کے مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ کوشش کررہی ہے ۔۔