تلنگانہ کو صد فیصد خواندہ ریاست بنانے کا فیصلہ

   

محکمہ تعلیمات سے تعلیم بالغان پر مواد کی اجرائی ، سبیتااندرا ریڈی اور ڈاکٹر سنیتا گاندھی کی شرکت
حیدرآباد۔21نومبر(سیاست نیوز) ریاست میں 100 فیصد خواندگی کی سمت پیشرفت کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیم بالغاں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کو حکومت تلنگانہ دیوی سنستھا کے تعاون و اشتراک سے عملی جامہ پہنائے گی۔ ریاستی وزیر تعلیم مسز پی سبیتا اندرا ریڈی کی موجودگی میں آج ریاست میں تعلیم بالغاں کے لئے تیار کئے گئے مواد کا ڈاکٹر سنیتا گاندھی نے رسم اجراء انجام دیا۔ بتایاجاتا ہے کہ اجلاس کے دوران دیوی سنستھا کے ذمہ داروں نے ریاستی وزیر اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ایک پاؤر پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے کس طرح سے اضلاع اور شہری علاقو ںمیں ہر کسی کو خواندگی سے قریب لانے اور انہیں پڑھنے کے قابل بنانے کیلئے مہم چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ مسز پی سبیتا اندرا ریڈی نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ ریاستی حکومت تعلیم بالغاں کے لئے متعدد منصوبوں کے ساتھ تیا ر ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست میں ہر شخص خواندہ ہو ۔ انہو ںنے بتایا کہ تعلیم کے ذریعہ ہی انقلاب لایا جاسکتا ہے اور تعلیم کے حصول کے بعد انسان میں جو تبدیلی رونما ہوتی ہے اس کے سبب ہی ایک مہذب معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ اس موقع پر مسز پی سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی سیکریٹری محکمہ تعلیم ‘ڈائریکٹر تعلیم بالغاں مسٹر سدھاکر ریڈی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر مسز وردھا کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ دیوی سنستھا کے ذمہ داروں میں ڈاکٹر سنیتا گاندھی ‘مسز حنا انصاری کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے اس غیر سرکاری تنظیم کو ریاست کے مختلف اضلاع میں تعلیم کی فراہمی کی ذمہ داری فراہم کی ہے اور اس تنظیم کے ذمہ داروں کو اس بات کی اجازت دی ہے کہ وہ ناخواندہ افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی تعلیم کا انتظام کریں اور انہیں مختلف زبانوں بالخصوص تلگو‘ انگریزی اور اردو کے علاوہ ہندی زبان میں پڑھنے کے قابل بنانے کے اقدامات کریں۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی اجازت کے حصول کے بعد تنظیم کی جانب سے کسی خانگی کارپوریٹ ادارہ کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے ابتدائی طور پر شہر کے اطراف کے اضلاع جیسے وقارآباد‘ میڑچل‘ رنگاریڈی ‘ جڑچرلہ اور دیگر مقامات پر فوری تعلیم بالغاں کے تربیتی مراکز کے قیام کے ذریعہ داخلہ فراہم کرتے ہوئے انہیں پڑھنے کے قابل بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے بھی بعض سلم علاقوں کے علاوہ مہیشورم کے علاقوں میں بھی ان مراکز کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔