تلنگانہ کو مرکز سے 3.6 لاکھ کورونا ٹیکے جاری کئے گئے

   

سرکاری اور خانگی دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ، حکومت کے احکامات

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا ٹیکوں کی کمی سے متعلق کے سی آر حکومت کی نمائندگی کے بعد مرکز نے تلنگانہ کیلئے 3.6 لاکھ کورونا ٹیکے جاری کئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے آئندہ دو ہفتوں کی ضرورت کی تکمیل کیلئے 30 لاکھ ٹیکوں کی درخواست کی تھی۔ ریاستی حکومت کی درخواست کا محض 10 فیصد کے طور پر 3.62 لاکھ ٹیکے مرکز نے جاری کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں ٹیکہ اندازی مہم کے اعتبار سے موجودہ ٹیکے آئندہ تین یا چار دن کیلئے کافی ہوجائیں گے۔ محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں 97 ہزار ٹیکے دیئے جارہے ہیں اور پہلی مرتبہ ٹیکہ حاصل کرنے والوں کی تعداد 95 ہزار ہے۔ دوسری لہر میں کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے عوام نے ٹیکہ حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور مراکز پر عوام کی کثیر تعداد دیکھی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز کی جانب سے 2 لاکھ کوویکسین اور 1.62 لاکھ کووی شیلڈ ٹیکے روانہ کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ ریاست کی ضروریات کے مطابق مرکز کی منظوری ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کو آئندہ دنوں میں مزید ٹیکے روانہ کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین دن کی طلب 5.66 لاکھ ٹیکے ہے۔ اسی دوران حکومت نے سرکاری دواخانوں کے علاوہ خانگی دواخانوں میں بھی کورونا بستروں کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت دی ہے۔ حکومت کی جانب سے کارپوریٹ ہاسپٹلس سے کہا گیا ہے کہ وہ پہلی لہر کی طرح اس مرتبہ بھی زائد بستروں کو کورونا مریضوں کیلئے مختص کریں۔ چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نہ صرف ٹیکہ اندازی بلکہ دواخانوں میں بہتر علاج اور بستروں کی فراہمی کا شخصی طور پر جائزہ لیں۔ آئندہ دو ہفتوں میں تقریباً 50 ہزار بستروں کی تعداد میں اضافہ کی تجویز ہے۔