تلنگانہ کو مزید 2 لاکھ ٹن یوریا سربراہ کرنے مرکزی وزیر انوپریا پٹیل سے اپیل

   

کتہ گوڑم میں ایرپورٹ کے قیام کی ضرورت، نئی دہلی میں مرکزی وزراء سے ریاستی وزیر ناگیشور راؤ کی ملاقات
حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے نئی دہلی میں مرکزی مملکتی وزیر کمیکلس اینڈ فرٹیلائزر انوپریا پٹیل سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے لئے مزید 2 لاکھ ٹن یوریا کی سربراہی کی درخواست کی۔ مرکزی وزیر نے تلنگانہ کو درکار یوریا کی سربراہی کا تیقن دیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہاکہ مرکزی وزیر کو کسانوں کی مشکلات سے واقف کرایا گیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ کسان فصلوں کے لئے یوریا کی سربراہی کا انتظار کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے حال ہی میں جو یوریا سربراہ کیا ہے وہ تلنگانہ کے لئے ناکافی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں کو نقصان اور مشکلات سے بچانے کے لئے مرکزی حکومت کو تلنگانہ سے تعاون کرنا چاہئے۔ وزیر زراعت نے 1968ء کے قانون میں تبدیلی کا مشورہ دیا اور کہاکہ کسانوں کے حق میں آئندہ پارلیمنٹ سیشن میں نئے قانون کو منظوری دی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کسانوں کے حق میں اقدامات کے لئے ملک کی مثالی ریاست بن چکی ہے۔ وزیر زراعت نے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو سے ملاقات کی اور کتہ گوڑم میں نئے ایرپورٹ کی تعمیر کے لئے نمائندگی کی۔ ورنگل اور عادل آباد میں ایرپورٹس کی تعمیر کے لئے حکومت نے اراضی کے حصول کا کام مکمل کرلیا ہے۔ وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے کتہ گوڑم میں ایرپورٹ کے قیام کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ ریاستی وزیر نے کتہ گوڑم میں گرین فیلڈ ایرپورٹ کے قیام کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت حیدرآباد کے علاوہ بڑے شہروں میں ایرپورٹ کے قیام کے حق میں ہے۔ ناگیشور راؤ نے مرکزی وزیر انڈسٹریز ایچ ڈی کمار سوامی سے ملاقات کی اور بیارم میں اسٹیل پلانٹ کے قیام کی اپیل کی۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت بیارم میں اسٹیل پلانٹ کے قیام کا وعدہ کیا گیا ہے۔1